بھارت میں نپاہ وائرس کے کیسز، پاکستان میں ملک گیر الرٹ اور سخت اسکریننگ کا حکم

0
10

اسلام آباد (ایم این این) – پاکستان کی وزارتِ صحت نے بدھ کے روز بھارت میں نپاہ وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں الرٹ اور ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے تمام ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی سرحدوں پر سخت اسکریننگ اور نگرانی کی ہدایت جاری کر دی۔

ایڈوائزری کے مطابق پاکستان آنے اور ٹرانزٹ میں موجود تمام مسافروں، عملے، ڈرائیورز، ہیلپرز اور معاون اسٹاف کی سو فیصد اسکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے۔ تمام مسافروں کی تھرمل اسکریننگ، طبی معائنہ اور گزشتہ 21 دنوں کی مکمل سفری تاریخ کی تصدیق کی جائے گی، چاہے ان کی قومیت کچھ بھی ہو۔

وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نپاہ وائرس سے متعلق حالیہ علاقائی الرٹ کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، جس کی نشاندہی عالمی ادارہ صحت کے جنوب مشرقی ایشیا ریجن کے جنوری 2026 کے ایپیڈیمیولوجیکل بلیٹن سمیت دیگر نگرانی کے نظاموں میں کی گئی ہے۔ بلیٹن میں بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں نپاہ وائرس کے مشتبہ کیسز رپورٹ ہونے کا ذکر کیا گیا ہے، جبکہ وائرس کی بلند شرحِ اموات، جانوروں سے انسانوں میں منتقلی اور انسان سے انسان میں پھیلنے کی صلاحیت کو بھی تشویشناک قرار دیا گیا ہے۔

ابتدائی تشخیص کو یقینی بنانے کے لیے تمام داخلی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بارڈر ہیلتھ سروسز کی طبی کلیئرنس کے بغیر کسی فرد کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نپاہ سے متاثرہ یا ہائی رسک علاقوں سے آنے یا گزرنے والے مسافروں کی خصوصی نگرانی کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

اسکریننگ اسٹاف کو بخار، سر درد، سانس کی علامات اور اعصابی علامات جیسے الجھن یا غنودگی پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مشتبہ کیسز کو فوری طور پر الگ تھلگ کر کے انفیکشن کنٹرول پروٹوکول کے تحت علاج کے لیے مخصوص مراکز یا بڑے اسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں تاحال نپاہ وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، جبکہ بھارت میں مغربی بنگال سے پانچ کیسز سامنے آئے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں