دبئی (ایم این این) – صدر مملکت آصف علی زرداری نے بدھ کے روز متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، خصوصاً اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون پر گفتگو کی گئی۔
یہ ملاقات دبئی کے زبیل پیلس میں ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کو دبئی کے حکمران کے طور پر 20 سال مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور دبئی کو سیاحت، مالیاتی خدمات اور جدید ٹیکنالوجی کا عالمی مرکز بنانے پر ان کی قیادت کو سراہا۔
صدراتی سیکریٹریٹ کے میڈیا ونگ کے مطابق، ملاقات میں بندرگاہوں، لاجسٹکس، بنیادی ڈھانچے، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے شعبوں میں دبئی کے ترقیاتی تجربے سے فائدہ اٹھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر بھی شریک تھے۔
صدر زرداری نے پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات، سرمایہ کاری میں سہولت کاری اور نجکاری کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور بنیادی ڈھانچے، لاجسٹکس، غذائی تحفظ اور ٹیکنالوجی پر مبنی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کی۔
صدر مملکت نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے روابط کی اہمیت پر زور دیا، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورۂ پاکستان کو یاد کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے یو اے ای کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا، جو دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔


