نیٹ میٹرنگ صارفین کے یونٹس کا مسئلہ حل، پاور ڈویژن کی نظرثانی شدہ ہدایات جاری

0
8

اسلام آباد (ایم این این) – وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری کی ہدایت پر نیٹ میٹرنگ صارفین کے بجلی یونٹس کے کریڈٹ سے متعلق مسئلہ حل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد تمام تقسیم کار کمپنیوں کو نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی نے فوری طور پر تمام ڈسکوز کو جاری کی گئی سابقہ ہدایات کا ازسرنو جائزہ لیا۔ اس جائزے کے نتیجے میں نیٹ میٹرنگ صارفین کے یونٹس کے کریڈٹ سے متعلق طریقہ کار واضح کر دیا گیا ہے۔

مسئلہ اس وقت سامنے آیا جب معلوم ہوا کہ بعض نیٹ میٹرنگ صارفین نے منظور شدہ صلاحیت سے زیادہ سولر سسٹمز نصب کر رکھے ہیں۔ گزشتہ ماہ ایسے چند صارفین کو قومی گرڈ میں فراہم کی گئی بجلی پر کسی قسم کا کریڈٹ نہیں دیا گیا، جس پر شکایات سامنے آئیں۔

پاور ڈویژن نے وضاحت کی کہ مکمل کریڈٹ روکنا درست طریقہ کار نہیں تھا۔ نظرثانی شدہ ہدایات کے مطابق اب صرف وہ یونٹس کریڈٹ نہیں کیے جائیں گے جو منظور شدہ ڈی جی صلاحیت سے زائد پیدا ہوں گے، جبکہ منظور شدہ صلاحیت کے تحت پیدا ہونے والے یونٹس کا کریڈٹ برقرار رہے گا۔

حکام کے مطابق تمام ڈسکوز کو فوری طور پر نئی ہدایات پر عملدرآمد کا حکم دے دیا گیا ہے، جبکہ جن صارفین کے بلوں میں نیٹ میٹرنگ یونٹس کا کریڈٹ شامل نہیں ہو سکا، ان کی ایڈجسٹمنٹ آئندہ بلنگ سائیکل میں کر دی جائے گی۔

وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے اس موقع پر کہا کہ حکومت صارفین کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور نیٹ میٹرنگ کے نظام میں شفافیت اور انصاف کو یقینی بنایا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں