الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے غزہ کے لیے 10 ارب روپے کی امداد فراہم

0
46

اسلام آباد (ایم این این): الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ایئر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا ہے کہ اب تک غزہ کے عوام کو 10 ارب روپے مالیت کی امدادی اشیاء فراہم کی جا چکی ہیں۔

اسلام آباد میں اینکر پرسنز اور میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ غزہ کے لیے 60 لاکھ کلوگرام سے زائد امدادی سامان، جو کہ 6 ہزار ٹن کے برابر ہے، 32 چارٹرڈ پروازوں اور چار سمندری جہازوں کے ذریعے ارسال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا غزہ امدادی آپریشن گزشتہ 27 ماہ سے جاری ہے۔

ارشد ملک نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور شدید سردی کے باعث غزہ میں انسانی صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ماہِ رمضان کے دوران پاکستان سے چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے مزید امدادی سامان غزہ بھجوایا جائے گا، جس میں خوراک اور خیمے شامل ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ چند روز میں 20 ہزار افراد کے لیے خوراک اور خیمے روانہ کیے جا رہے ہیں، جبکہ 400 سے زائد فلسطینی طلبہ پاکستان میں زیر تعلیم ہیں۔

نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ غزہ میں 15 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کے تحت ہسپتال، یونیورسٹی اور مساجد تعمیر کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ غزہ میں اسکولوں اور گھروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس بھی نصب کیے جا چکے ہیں۔

ارشد ملک نے کہا کہ پاکستانی عوام نے غزہ کے لیے دل کھول کر امداد فراہم کی۔ انہوں نے بتایا کہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے راستے سینکڑوں ٹرکوں کے ذریعے امدادی سامان غزہ پہنچایا گیا، جبکہ متاثرین کو نقد رقوم بھی فراہم کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ اور مصر میں فلسطینی مہاجرین کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔

تقریب میں ملک کے معروف اینکر پرسنز اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی، جن میں ابصار عالم (سما نیوز)، فہد حسین (ایکسپریس میڈیا)، طاہر خان (این این آئی)، عامر الیاس رانا (ایکسپریس نیوز)، آصف بشیر چوہدری (جیو نیوز)، شکیل قرار (ای نیوز)، وسیم عباس (عرب نیوز)، عمار مسعود (وی نیوز)، اعزاز سید (جیو نیوز)، محمد اشتیاق (انڈیپنڈنٹ اردو)، عادل اعوان (جیو نیوز)، جاوید نور (نیو نیوز)، احتشام الحق (ہم نیوز)، ڈاکٹر فرقان راؤ (سی پیک نیوز)، خرم شہزاد (وی نیوز)، لقمان شاہ (وی نیوز)، محمد عاصم خان (کیپیٹل نیوز) اور شیراز احمد (365 نیوز) شامل تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں