میلان (ایم این این): اٹلی میں 25ویں سرمائی اولمپکس میلان-کورٹینا 2026 کا باضابطہ آغاز جمعہ کو ہوگا۔ ان مقابلوں میں دنیا بھر سے تقریباً 3,500 کھلاڑی 16 مختلف کھیلوں کی 116 ایونٹس میں 19 دن تک حصہ لیں گے۔
اولمپک تاریخ میں پہلی بار افتتاحی تقریب ایک سے زائد مقامات پر منعقد کی جائے گی، جس کا مرکزی مقام میلان کا تاریخی سان سیرو اسٹیڈیم ہوگا، جہاں اے سی میلان اور انٹر میلان کے میچز کھیلے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ پریڈاتسو، لیوگنیو اور کورٹینا ڈی ایمپیزو میں بھی تقریبات ہوں گی۔
افتتاحی تقریب میں معروف اطالوی اور بین الاقوامی فنکار پرفارم کریں گے، جن میں امریکی گلوکارہ ماریہ کیری بھی شامل ہیں، جبکہ تقریباً 60 ہزار تماشائیوں کی شرکت متوقع ہے۔
سرمائی اولمپکس کے مرکزی مراکز میلان اور الپس کے ڈولومائٹس پہاڑی سلسلے میں واقع مشہور سیاحتی مقام کورٹینا ڈی ایمپیزو ہوں گے۔ شمالی اٹلی کے مختلف علاقوں میں مقابلے منعقد ہونے کے باعث یہ تاریخ کے سب سے زیادہ پھیلے ہوئے سرمائی اولمپکس ہوں گے۔
مقابلے چار بڑے کلسٹرز میں تقسیم کیے گئے ہیں: میلان، ویلٹیلینا، کورٹینا اور ویل دی فیمے۔ ویرونا میں اختتامی تقریب جبکہ 6 مارچ کو پیرا اولمپکس کا افتتاح ہوگا۔
یہ اٹلی کی چوتھی اولمپک میزبانی ہے، اس سے قبل وہ 1956 اور 2006 کے سرمائی جبکہ 1960 کے سمر اولمپکس کی میزبانی کر چکا ہے۔
دنیا بھر میں اولمپکس کی نشریات مختلف چینلز پر کی جائیں گی، جن میں امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور ناروے کے بڑے براڈکاسٹرز شامل ہیں۔
اہم کھیلوں میں الپائن اسکیئنگ، فری اسٹائل اسکیئنگ، فگر اسکیٹنگ، اسکی جمپنگ اور آئس ہاکی شامل ہیں، جبکہ اسنوبورڈنگ کے مقابلے نوجوان شائقین میں خاص مقبول ہوں گے۔ اسکی ماؤنٹینئرنگ پہلی بار اولمپکس کا حصہ بنے گی۔
امریکی ٹیم کی قیادت لیجنڈ الپائن اسکیئر لنڈسے وون کریں گی، جبکہ میکائیلا شفرن، کلوئی کم اور فگر اسکیٹر الیا مالینن بھی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ جاپان کے ریو یو کوبایاشی، سلووینیا کے ڈومین پریوس اور چین کی ایلن گو بھی نمایاں امیدواروں میں شامل ہیں۔
آئس ہاکی میں این ایچ ایل کھلاڑیوں کی واپسی کے باعث مقابلے مزید سنسنی خیز ہوں گے، جن کی قیادت کینیڈا کے اسٹار سڈنی کراسبی کریں گے۔ ناروے ایک بار پھر مضبوط دعوے دار کے طور پر سامنے آئے گا، تاہم امریکا، چین، جرمنی اور کینیڈا سخت مقابلہ کریں گے۔
میلان-کورٹینا 2026 تاریخ کے سب سے زیادہ صنفی توازن رکھنے والے سرمائی اولمپکس ہوں گے، جن میں خواتین کھلاڑیوں کا تناسب 47 فیصد سے زیادہ ہوگا اور خواتین کے 50 ریکارڈ ایونٹس شامل ہوں گے۔
ان کھیلوں پر مجموعی طور پر 5.2 ارب یورو خرچ متوقع ہے، جبکہ اطالوی حکومت کو امید ہے کہ یہ اولمپکس سیاحت، معیشت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں طویل المدتی فوائد فراہم کریں گے۔


