اسلام آباد میں جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو کی 66ویں سالگرہ کی تقریب منعقد

0
3

اسلام آباد (ایم این این) – پاکستان میں جاپان کے سفیر اکا ماتسو شوئیچی نے جاپان کے شہنشاہ ناروہیتو کی 66ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں ایک استقبالیہ دیا۔ یہ تقریب 10 فروری کی شام سرینا ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سفارتی برادری اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے جاپانی سفیر نے اس موقع کو اسلام آباد میں منانے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ شہنشاہ ناروہیتو کی تخت نشینی کے بعد آٹھویں سالگرہ کی تقریب ہے۔ انہوں نے صدرِ پاکستان اور دیگر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر اکا ماتسو نے جاپان میں حالیہ سیاسی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے ایوانِ نمائندگان کے کامیاب عام انتخابات اور لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی واضح کامیابی کا ذکر کیا، جس کی قیادت وزیرِ اعظم سانی تاکائیچی کر رہی ہیں، جو جاپان کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم ہیں۔ انہوں نے قانون کی حکمرانی، کثیرالجہتی نظام اور آزاد و کھلے ہند و بحرالکاہل کے وژن سے جاپان کی وابستگی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر پاکستان کے کردار کو بھی سراہا اور عالمی و علاقائی امور پر قریبی تعاون کی خواہش ظاہر کی۔

دوطرفہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے سفیر نے اوسا کا کانسائی ایکسپو 2025 میں پاکستان پویلین کی کامیابی کا ذکر کیا، جس نے نمائش کے شعبے میں برانز پرائز اور ایڈیٹرز چوائس ایوارڈ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پویلین نے جاپانی عوام میں پاکستان کے بارے میں دلچسپی اور قربت کے احساس کو فروغ دیا۔ ایکسپو کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط بھی بحال ہوئے، جن میں وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کے جاپان کے دورے شامل ہیں۔

سفیر اکا ماتسو نے آئندہ سال کے لیے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے تین اہم شعبے بھی بیان کیے، جن میں عوامی سطح پر روابط اور ثقافتی تبادلے، اقتصادی تعاون کے تحت سرکاری ترقیاتی امداد میں ین قرض منصوبوں کی بحالی اور پاکستان کی آئی ٹی صنعت میں تعاون، اور جاپانی کھانوں کے فروغ کے ذریعے ثقافتی روابط کو مضبوط بنانا شامل ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں مسجد پر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کے متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ جاپان ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے اور پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی رکھتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر جاپانی سفیر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان عوامی روابط مزید مضبوط ہوں گے اور نئے دور کے تقاضوں کے مطابق باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

استقبالیے میں جاپانی واگیو بیف پیش کیا گیا جبکہ روایتی جاپانی فنونِ لطیفہ ایکی بانا اور بون سائی کی نمائش بھی منعقد کی گئی۔ اس کے علاوہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی اور جاپانی کمپنیوں ٹویوٹا، سوزوکی، ہونڈا، ہینو، ایدی متسو، سوجٹس اور کومون کے اسٹالز بھی لگائے گئے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں