ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے دی، بھارت سے اہم مقابلہ طے

0
2

کولمبو (ایم این این) – پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے گروپ اے کے اپنے دوسرے میچ میں امریکا کو 32 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔ یہ میچ منگل کو کولمبو کے ایس ایس سی گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جبکہ پاکستان کا اگلا بڑا مقابلہ اتوار کو بھارت سے ہوگا۔

امریکی کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پاکستان نے 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ جواب میں امریکا کی ٹیم آٹھ وکٹوں پر 158 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ انداز میں کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 54 رنز جوڑے۔ صائم ایوب 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سلمان علی آغا ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم نے فرحان کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 81 رنز کی شراکت بنی۔ فرحان نے اس دوران نصف سنچری مکمل کی، جبکہ بابر اعظم 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اگلے ہی اوور میں صاحبزادہ فرحان 73 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جس میں چھ چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ اس اننگز کے دوران انہوں نے انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

اختتامی اوورز میں شاداب خان نے 12 گیندوں پر 30 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر اسکور کو سہارا دیا۔ پاکستان کی ٹیم آخرکار 190 رنز پر اپنی اننگز مکمل کر سکی۔

امریکا کی جانب سے شیڈلی وین شالک ویک نے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد محسن، سوربھ نیتر والکر اور ہرمیت سنگھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

191 رنز کے تعاقب میں امریکا کی ٹیم نے محتاط آغاز کیا، تاہم اینڈریز گوس 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان مونانک پٹیل بھی صرف تین رنز بنا سکے۔

شیان جہانگیر اور شبھم رنجانے نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ جہانگیر نے 49 اور رنجانے نے 51 رنز بنائے، جبکہ ملند کمار نے 29 رنز کی اننگز کھیلی، مگر وکٹوں کے مسلسل گرنے سے رفتار برقرار نہ رہ سکی۔

امریکی اننگز 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 158 رنز پر ختم ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے تین وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے دو جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس فتح کے ساتھ پاکستان گروپ اے میں سرفہرست آ گیا ہے اور ناک آؤٹ مرحلے کے لیے اس کی پوزیشن مضبوط ہو گئی ہے، جبکہ امریکا کو اب اپنے باقی میچز میں لازمی کامیابی درکار ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں