اسلام آباد (ایم این این) – وزیرِاعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی ماحول کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں اہم قومی امور اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، وزیرِداخلہ محسن نقوی اور وزیرِقانون اعظم نذیر تارڑ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزرا سید مشتاق رضا نقوی، چوہدری سالک حسین، خالد حسین مگسی اور عبدالعلیم خان بھی اجلاس میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں کی گزشتہ ملاقات نومبر میں ہوئی تھی جس میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں مکمل خاتمے تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔


