اسلام آباد (ایم این این) – سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں منگل کی شب رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کر دیا گیا، جس کے بعد دونوں ممالک میں بدھ 18 فروری کو پہلا روزہ رکھا جائے گا۔
خلیج نیوز کے مطابق سعودی عرب اور یو اے ای میں علیحدہ علیحدہ اعلانات کے ذریعے تصدیق کی گئی کہ بدھ کا دن ماہِ رمضان کا پہلا دن ہوگا۔ سعودی پریس ایجنسی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ مملکت میں رمضان المبارک کا آغاز بدھ سے ہوگا۔
ادھر افغانستان میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ ٹولو نیوز کے مطابق افغانستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صوبہ پروان، قندھار، ہلمند اور زابل میں بڑی تعداد میں لوگوں نے رمضان کا چاند دیکھا اور اس کی اطلاع شرعی عدالتوں کو دی۔
بیان میں کہا گیا کہ موصولہ شہادتوں کی بنیاد پر 18 فروری کو افغانستان میں رمضان المبارک کا آغاز ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان میں رمضان المبارک کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔ گزشتہ ہفتے سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے عندیہ دیا تھا کہ پاکستان میں یکم رمضان 19 فروری بروز جمعرات کو ہونے کا امکان ہے، تاہم اس نے واضح کیا کہ حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔
سپارکو کے مطابق چاند کی پیدائش اور رویت کے سائنسی امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش گوئی کی جاتی ہے، لیکن شرعی اور قانونی طور پر اعلان کرنے کا اختیار صرف رویت ہلال کمیٹی کو حاصل ہے، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی مستند شہادتوں کی بنیاد پر فیصلہ کرتی ہے۔
اس ضمن میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل پشاور میں محکمہ اوقاف کی عمارت میں طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں علما، ماہرین موسمیات اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے ہیڈکوارٹرز پر منعقد ہوں گے، جہاں سے موصول ہونے والی اطلاعات مرکزی کمیٹی کو فراہم کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین ملک بھر سے موصولہ شہادتوں اور معلومات کی بنیاد پر چاند نظر آنے یا نہ آنے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
پاکستان میں رمضان المبارک کی آمد کا بے چینی سے انتظار کیا جاتا ہے۔ چاند نظر آنے کے اعلان کے ساتھ ہی مساجد میں تراویح کا اہتمام شروع ہو جاتا ہے اور بازاروں میں خاص رونق دیکھنے میں آتی ہے۔
رمضان المبارک مسلمانوں کے لیے عبادت، صبر، تقویٰ اور خیرات کا مہینہ ہے۔ اس دوران مسلمان طلوعِ فجر سے غروبِ آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں اور عبادات، تلاوتِ قرآن اور نیکی کے کاموں میں زیادہ وقت صرف کرتے ہیں۔


