پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، پہلا روزہ 19 فروری کو ہوگا

0
1

پشاور: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے اور پاکستان بھر میں پہلا روزہ جمعرات 19 فروری کو رکھا جائے گا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے پشاور میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے بعض علاقوں میں مطلع صاف جبکہ کچھ مقامات پر ابر آلود تھا۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، اسلام آباد، وزیرستان، دیر، کراچی، بونیر، مردان اور ٹنڈو الہ یار سمیت مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ تمام شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ یکم رمضان المبارک جمعرات کو ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش اور بھارت میں بھی چاند نظر آنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ سعودی عرب، عمان، قطر، متحدہ عرب امارات اور افغانستان میں منگل کی رات چاند نظر آنے کے بعد بدھ کو پہلا روزہ رکھا گیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے آغاز پر قوم اور عالم اسلام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس مہینہ اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے جو عبادت، تقویٰ، صبر اور روحانی تطہیر کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزہ صرف ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ صبر، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا عملی درس ہے۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ حکومت نے مستحق طبقات کی معاونت کے لیے رمضان ریلیف پیکیج کا آغاز کیا ہے جس کے تحت مستحق خاندانوں کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ شفاف اور باوقار طریقے سے مدد یقینی بنائی جا سکے۔

صدر آصف علی زرداری نے بھی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے رمضان کو رحمت، مغفرت اور نجات کا مہینہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سماجی اور معاشی چیلنجز کے دوران یہ مہینہ امید، صبر اور قومی یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی امت مسلمہ کو رمضان کی مبارکباد دی، جبکہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے عوام سے اپیل کی کہ صبر کا مظاہرہ کریں، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری سے گریز کریں اور اشیائے ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائیں۔

اس سے قبل خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی کمیشن نے فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پیش گوئی کی تھی کہ یکم رمضان 19 فروری کو ہونے کا امکان ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے ایک کروڑ اکیس لاکھ مستحق خاندانوں کے لیے اڑتیس ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان بھی کیا ہے۔ ہر مستحق خاندان کو تیرہ ہزار روپے ڈیجیٹل والٹ یا بینک منتقلی کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں