پاکستان کی نمیبیا کے خلاف 102 رنز سے شاندار فتح، سپر ایٹ مرحلے میں رسائی

0
1

اسلام آباد: پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ اے میچ میں نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور حریف ٹیم کو 200 رنز کا ہدف دیا۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57 گیندوں پر سنچری اسکور کی جس میں چار چھکے اور گیارہ چوکے شامل تھے۔ وہ احمد شہزاد کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 40 رنز پر گری جب صائم ایوب 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سلمان آغا نے 38 رنز اسکور کیے جبکہ خواجہ نفی نے پانچ رنز بنائے۔ کولمبو کے سنہالی اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد کی جگہ خواجہ نفی اور سلمان مرزا کو شامل کیا گیا۔

200 رنز کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 18 اوورز میں 97 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ لورین اسٹین کیمپ اور جان فرائلنک نے 32 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم بعد ازاں وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے چار، شاداب خان نے تین جبکہ محمد نواز اور سلمان مرزا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان اور بھارت گروپ اے سے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گئے۔ پاکستان اب نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف میچز کھیلے گا۔

شاداب خان نے کہا کہ ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کے ہدف پر گامزن ہے اور بھارت سے شکست کے بعد شاندار واپسی کی گئی ہے۔ کپتان سلمان آغا نے فتح کو مکمل ٹیم پرفارمنس قرار دیتے ہوئے بلے بازوں اور بولرز کی تعریف کی۔

نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس نے کہا کہ ٹیم کو اس ٹورنامنٹ سے سیکھنے کا موقع ملا اور آئندہ مقابلوں میں یہ تجربہ مددگار ثابت ہوگا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں