اسلام آباد (ایم این این): ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان (ایچ ای سی) نے اعلان کیا ہے کہ 2026 کے تعلیمی سیشن سے ملک بھر کے تمام انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا تین کریڈٹ آورز پر مشتمل کورس لازمی قرار دیا جائے گا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ ہدایت تمام سرکاری اور نجی جامعات پر لاگو ہوگی اور یونیورسٹیوں کو فوری طور پر اپنے نصاب میں اس لازمی کورس کو شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایچ ای سی کے مطابق ہر انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرام میں تین کریڈٹ آورز کا اے آئی کورس شامل کیا جائے گا۔ جامعات اس کورس کو بطور انتخابی مضمون، بین الشعبہ جاتی کورس یا پروگرام کے معاون مضمون کے طور پر پیش کر سکتی ہیں۔
کمیشن نے واضح کیا کہ موجودہ دور میں نصاب میں مصنوعی ذہانت کی شمولیت محض اضافہ نہیں بلکہ ناگزیر ضرورت بن چکی ہے۔
ایچ ای سی کے بیان میں کہا گیا کہ اکیسویں صدی کے تیزی سے بدلتے منظرنامے میں مصنوعی ذہانت ایک انقلابی قوت کے طور پر ابھری ہے۔
اس اقدام کا مقصد طلبہ کو ایسی مہارتیں اور علم فراہم کرنا ہے جو انہیں اپنے متعلقہ شعبوں میں اے آئی ٹولز کے مؤثر استعمال کے قابل بنائے اور ان کی تعلیمی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرے۔


