کراچی (ایم این این): کراچی کے علاقے سولجر بازار کی گل رعنا کالونی میں جمعرات کو گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد جاں بحق اور 14 سے زائد زخمی ہو گئے۔
دھماکے کی شدت سے تین منزلہ رہائشی عمارت کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کی ہر منزل پر ایک کمرہ تھا اور دھماکے کے بعد عمارت کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن گیا، جس سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کی تنگ گلیوں کے باعث بھاری مشینری کو جائے وقوعہ تک پہنچانے میں دشواری پیش آئی، تاہم ریسکیو ٹیموں نے بغیر کسی وقفے کے آپریشن جاری رکھا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر 10 لاشیں ملبے سے نکالی گئیں جن میں ایک خاتون اور 10 سالہ بچی نازیہ بھی شامل ہیں۔ 14 سے زائد زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے ایک کمسن بچی کو زندہ حالت میں ملبے سے نکال کر فوری طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر واجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ عمارت کی پہلی منزل پر ہوا، جو ممکنہ طور پر گیس سلنڈر یا گیس سکشن مشین کے باعث پیش آیا۔ تاہم اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ مزید افراد ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں خصوصی آلات کی مدد سے لوہے کی مڑی ہوئی سلاخوں کو کاٹ کر اور بھاری ملبہ ہٹا کر احتیاط سے کارروائی کر رہی ہیں تاکہ کسی ممکنہ زندہ شخص کو نقصان نہ پہنچے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز پورے علاقے میں گونج گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس اور امدادی ادارے تاحال سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔


