نیوز ڈیسک (ایم این این): یورپی کمیشن نے اتوار کے روز امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ گزشتہ سال طے پانے والے یورپی یونین اور امریکا کے تجارتی معاہدے کی مکمل پاسداری کرے، کیونکہ امریکی سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے عالمی محصولات کو کالعدم قرار دے دیا تھا جس کے بعد انہوں نے نئے محصولات عائد کر دیے۔
یورپی یونین کے 27 رکن ممالک کی جانب سے تجارتی پالیسی طے کرنے والا ادارہ یورپی کمیشن نے کہا کہ واشنگٹن عدالت کے فیصلے کے بعد اپنے آئندہ اقدامات سے متعلق مکمل وضاحت فراہم کرے۔
جمعہ کے روز امریکی سپریم کورٹ نے ٹرمپ کے عالمی محصولات کو مسترد کر دیا تھا۔ اس کے بعد امریکی صدر نے تمام درآمدات پر عارضی طور پر 10 فیصد محصول عائد کیا جسے اگلے روز بڑھا کر 15 فیصد کر دیا گیا۔
یورپی کمیشن نے سخت لہجے میں کہا کہ موجودہ صورتحال اس عہد کے منافی ہے جس میں منصفانہ، متوازن اور باہمی مفاد پر مبنی بحر اوقیانوسی تجارت اور سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ کمیشن نے واضح کیا کہ معاہدہ اپنی جگہ برقرار رہنا چاہیے۔
یہ بیان کمیشن کے ابتدائی ردعمل کے مقابلے میں زیادہ سخت تھا، جب اس نے صرف یہ کہا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لے رہا ہے اور امریکی حکام سے رابطے میں ہے۔
گزشتہ سال ہونے والے معاہدے کے تحت زیادہ تر یورپی مصنوعات پر امریکا میں 15 فیصد محصول مقرر کیا گیا تھا، تاہم اسٹیل جیسے مخصوص شعبوں پر الگ محصولات لاگو تھے۔ بعض مصنوعات جیسے ہوائی جہاز اور ان کے پرزہ جات پر صفر فیصد محصول کی سہولت بھی دی گئی تھی۔ اس کے بدلے یورپی یونین نے متعدد امریکی مصنوعات پر درآمدی ڈیوٹیاں کم کرنے اور جوابی اقدامات نہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
یورپی کمیشن نے زور دیا کہ یورپی مصنوعات کو پہلے سے طے شدہ حد سے زیادہ محصولات کا سامنا نہیں کرنا چاہیے اور انہیں مسابقتی رعایت برقرار رہنی چاہیے۔ بیان میں کہا گیا کہ غیر متوقع محصولات عالمی منڈیوں میں بے یقینی پیدا کرتے اور اعتماد کو متاثر کرتے ہیں۔
یورپی تجارتی کمشنر Maros Sefcovic نے ہفتہ کے روز امریکی تجارتی نمائندے Jamieson Greer اور وزیر تجارت Howard Lutnick سے اس معاملے پر بات چیت کی۔


