اسلام آباد (ایم این این): پاکستان سے برطانیہ سفر کرنے والے شہریوں، بشمول سیاحوں، کو اب پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر لگوانے کے بجائے ای ویزا کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ یہ اعلان برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے بدھ کے روز جاری بیان میں کیا گیا۔
یاد رہے کہ جولائی دو ہزار پچیس میں برطانوی حکومت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ای ویزا نظام متعارف کرایا تھا، تاہم اس وقت یہ سہولت صرف تعلیم اور ملازمت کے ویزوں تک محدود تھی جبکہ عام وزیٹر ویزا کے درخواست گزاروں کو روایتی ویزا حاصل کرنا پڑتا تھا۔
تازہ بیان کے مطابق وزیٹر ویزا کے درخواست گزار بدستور آن لائن درخواست جمع کرائیں گے اور بائیومیٹرک معلومات فراہم کرنے کے لیے ویزا درخواست مرکز کا دورہ کریں گے۔ کامیاب درخواست گزاروں کو اپنی امیگریشن حیثیت کا ڈیجیٹل ریکارڈ ای ویزا کی صورت میں فراہم کیا جائے گا جس تک آن لائن یو کے ویزاز اینڈ امیگریشن اکاؤنٹ کے ذریعے رسائی ممکن ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اب درخواست گزاروں کو پاسپورٹ وصول کرنے کے لیے دوبارہ ویزا مرکز جانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ بائیومیٹرک مرحلہ مکمل کرنے کے بعد اپنا پاسپورٹ اپنے پاس رکھ سکیں گے۔
ای ویزا نظام کو امیگریشن حیثیت کے انتظام کے لیے زیادہ محفوظ قرار دیا گیا ہے جس سے دستاویزات کے گم یا خراب ہونے کے خدشات کم ہوں گے۔ درخواست گزار اپنی ویزا حیثیت ظاہر کرنے کے لیے شیئر کوڈ بھی حاصل کر سکیں گے جسے سرحدی حکام یا دیگر متعلقہ اداروں کو دکھایا جا سکے گا۔ ویزا پراسیسنگ کے وقت، اہلیت کے معیار یا شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس پیش رفت کو برطانیہ جانے والے پاکستانیوں کے لیے ایک اہم اور خوش آئند قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے تحت درخواست گزار وقت کی بچت کر سکیں گے اور شیئر کوڈ کے ذریعے اپنی ویزا حیثیت بآسانی ثابت کر سکیں گے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اب تقریباً تمام وزیٹرز برطانیہ جاتے وقت ای ویزا سروس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسافروں کو اب اپنا پاسپورٹ جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور نہ ہی اسے واپس لینے کے لیے دوبارہ ویزا مرکز جانا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ درخواست دینے کا طریقہ کار اور پراسیسنگ کا دورانیہ تبدیل نہیں ہوا، صرف ویزا کی شکل ڈیجیٹل کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دو ہزار چوبیس میں برطانوی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ ملک کا امیگریشن نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل فارمیٹ میں منتقل کیا جا رہا ہے جس کے تحت کاغذی دستاویزات کی جگہ آن لائن امیگریشن نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔


