اسپورٹس ڈیسک (ایم این این): پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں اپنی مہم کا اختتام سری لنکا کے خلاف پانچ رنز کی سنسنی خیز فتح کے ساتھ کیا۔ یہ میچ ہفتہ کو کینڈی کے پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
اگرچہ پاکستان نے میچ جیت لیا، تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ اور انگلینڈ گروپ 2 سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر گئے، جبکہ پاکستان تیسرے نمبر پر رہا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے 20 اوورز میں 212 رنز بنائے۔ اوپنرز فرحان اور فخر نے شاندار 176 رنز کی شراکت قائم کی۔ فخر نے 42 گیندوں پر 84 رنز بنائے جن میں نو چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ فرحان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 60 گیندوں پر 100 رنز اسکور کیے، جس میں نو چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ کپتان داسن شناکا نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
جواب میں سری لنکا نے 207 رنز بنائے۔ پون رتنا یا کے نے 37 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان داسن شناکا نے 31 گیندوں پر ناقابلِ شکست 76 رنز اسکور کیے۔ دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے 61 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔
آخری اوور میں 28 رنز درکار تھے، جہاں شاہین شاہ آفریدی نے دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے فتح یقینی بنائی، اگرچہ اس دوران تین چھکے بھی لگے۔
ابرار احمد نے تین وکٹیں حاصل کر کے نمایاں کارکردگی دکھائی جبکہ محمد نواز، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
فتح کے باوجود پاکستان تین میچوں میں تین پوائنٹس اور منفی نیٹ رن ریٹ کے باعث سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔


