خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایران میں تین رکنی عبوری قیادت قائم

0
1

نیوز ڈیسک (ایم این این): ایرانی حکام نے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی اسرائیل اور امریکا کے مشترکہ حملوں میں شہادت کے بعد ملک چلانے کے لیے تین رکنی عبوری قیادت قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایران کے آئین کے آرٹیکل 111 کے تحت نئے سپریم لیڈر کے انتخاب تک ایک عارضی کونسل فرائض انجام دیتی ہے۔ اس کونسل میں صدر مسعود پزشکیان، عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی ایجئی اور گارڈین کونسل کے رکن آیت اللہ علی رضا اعرافی شامل ہیں۔

ایرانی حکومت نے خامنہ ای کی شہادت کو تاریخی جرم قرار دیتے ہوئے اس کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور خلیجی ممالک میں موجود اسرائیلی اور امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

عبوری قیادت کے ارکان کون ہیں؟

آیت اللہ علی رضا اعرافی
آیت اللہ اعرافی 2019 سے گارڈین کونسل کے رکن ہیں، جو قوانین کو اسلامی اصولوں کے مطابق جانچنے اور انتخابات کی نگرانی کی ذمہ دار آئینی باڈی ہے۔ وہ مجلس خبرگان کے نائب چیئرمین بھی ہیں، جو سپریم لیڈر کے انتخاب کی ذمہ دار ہے۔ قم میں جمعہ کے خطبات کی امامت اور ملک بھر کے مدارس کے نظام کی نگرانی بھی ان کی ذمہ داری ہے۔

مسعود پزشکیان
71 سالہ مسعود پزشکیان ایک اصلاح پسند سیاست دان اور ماہر امراض قلب ہیں جو 2024 کے انتخابات میں صدر منتخب ہوئے۔ وہ ایران عراق جنگ کے دوران فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ صدر محمد خاتمی کے دور میں وزیر صحت رہے اور تبریز سے رکن پارلیمان منتخب ہوتے رہے۔ انہوں نے خامنہ ای کی شہادت کے بعد ذمہ داروں سے انتقام لینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

غلام حسین محسنی ایجئی
محسنی ایجئی 2021 سے عدلیہ کے سربراہ ہیں اور انہیں یہ عہدہ خامنہ ای نے سونپا تھا۔ وہ سخت گیر مؤقف رکھنے والے قدامت پسند رہنما سمجھے جاتے ہیں۔ اس سے قبل وہ انٹیلی جنس کے وزیر اور پراسیکیوٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ اقتصادی بحران کے دوران احتجاجی مظاہروں پر سخت کارروائی کا اعلان بھی انہی کی جانب سے کیا گیا تھا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں حکومتی تبدیلی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔

ایران کی مذہبی قیادت نے نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے آئینی عمل شروع کر دیا ہے، جس کے خطے کی سیاست پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں