نیوز ڈیسک (ایم این این): بھارتی فضائیہ کا ایک سو تھرٹی ایم کے آئی لڑاکا طیارہ جمعہ کو شمال مشرقی بھارتی ریاست آسام میں تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔
بھارتی فضائیہ کے مطابق طیارہ آسام کے ضلع کاربی آنگ لونگ کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا جو جورہٹ شہر سے تقریباً ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
فضائیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سو تھرٹی ایم کے آئی طیارہ تربیتی مشن پر تھا اور آسام کے علاقے کاربی آنگ لونگ میں گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے کی تلاش اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
اس سے قبل بھارتی فضائیہ نے بتایا تھا کہ طیارہ مقررہ وقت پر واپس نہیں آیا اور نہ ہی اس سے رابطہ ہو سکا۔ یہ طیارہ جمعرات کی شام مقامی وقت کے مطابق سات بج کر بیالیس منٹ پر جورہٹ سے روانہ ہوا تھا۔
فضائیہ کے مطابق طیارے سے آخری رابطہ بھی اسی وقت ہوا تھا جس کے بعد اس کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔
حالیہ مہینوں میں بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے حادثات کے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں۔
تقریباً دس روز قبل ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کا تیار کردہ تیجس ہلکا لڑاکا طیارہ ایک فرنٹ لائن ایئر بیس پر رن وے سے آگے نکل جانے کے باعث شدید متاثر ہوا تھا۔
گزشتہ سال نومبر میں دبئی ایئر شو کے دوران بھی ایک تیجس طیارہ نمائشی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ حادثے کے فوری بعد زوردار دھماکہ ہوا اور جائے حادثہ سے سیاہ دھواں اٹھتا دیکھا گیا جبکہ پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔


