نیوز ڈیسک (ایم این این) – روس نے ہفتہ کی شب یوکرین پر ڈرون اور میزائلوں کی بڑے پیمانے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں اہم انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔
یوکرینی حکام کے مطابق شمال مشرقی شہر خارکیف اس حملے میں سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں ایک روسی بیلسٹک میزائل پانچ منزلہ رہائشی عمارت سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں جانی نقصان اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔
یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ روس نے ملک کے توانائی کے نظام اور ریلوے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے لیے 480 ڈرون اور 29 میزائل فائر کیے۔
انہوں نے ٹیلی گرام پر اپنے بیان میں کہا کہ “زندگی کے خلاف اس بربریت پر ہمارے شراکت داروں کی جانب سے ردعمل آنا چاہیے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ روس نے یوکرین کے رہائشی علاقوں اور اہم انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کی اپنی کوششیں ترک نہیں کیں، اس لیے عالمی شراکت داروں کو فضائی دفاعی نظام اور دیگر ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھنی چاہیے۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے 453 ڈرون اور 19 میزائل مار گرائے تاہم 9 میزائل اور 26 حملہ آور ڈرون ملک کے 22 مختلف مقامات کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔
خارکیف کے گورنر اولیگ سینیہوبوف نے بتایا کہ شہر پر ڈرون اور میزائل دونوں سے حملہ کیا گیا۔ ایک بیلسٹک میزائل رہائشی عمارت پر گرنے سے دو بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے۔
تباہ شدہ عمارت کی ایک رہائشی حنا نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ “دھماکے کے بیس منٹ بعد جب ہم یہاں پہنچے تو مجھے لگا کہ مجھے دل کا دورہ پڑ جائے گا، میں ٹھیک سے بول بھی نہیں پا رہی تھی اور میری ٹانگیں کانپ رہی تھیں۔”
انہوں نے کہا کہ “اچھی بات یہ ہے کہ میں اپنے بچے کے ساتھ وہاں موجود نہیں تھی۔ وہاں عام لوگ رہتے تھے، آخر وہ کس کو نشانہ بنا رہے تھے؟”
جائے وقوعہ سے نشر ہونے والی ویڈیو میں ملبے سے سفید دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا جبکہ امدادی کارکن ملبے سے لاشیں نکالتے ہوئے نظر آئے۔
حکام کے مطابق خارکیف میں کم از کم پندرہ افراد زخمی ہوئے جبکہ انیس رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
حملوں کے نتیجے میں تجارتی اور انتظامی عمارتوں، بجلی کی ترسیلی لائنوں اور متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دارالحکومت کیف میں بھی روسی حملوں کے باعث توانائی کے ایک مرکز کو نقصان پہنچا جس کے بعد شہر کے چار اضلاع میں دو ہزار آٹھ سو چھ رہائشی اپارٹمنٹس کی ہیٹنگ سسٹم بند ہو گیا جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔
یوکرین کے قومی بجلی آپریٹر نے بتایا کہ حملوں کے بعد ملک کے سات علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی بندش نافذ کر دی گئی۔
حکام کے مطابق روس نے وسطی یوکرین میں ریلوے انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا جہاں چار ریلوے اسٹیشنوں اور متعلقہ تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
جنوبی علاقے اوڈیسا میں بندرگاہی انفراسٹرکچر پر حملوں کے باعث سبزیوں کے تیل سے بھرے کنٹینرز میں آگ لگ گئی اور اناج کے ایک گودام کو بھی نقصان پہنچا۔


