آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان، صاحبزادہ فرحان شامل

0
1

اسپورٹس ڈیسک (ایم این این) – انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پیر کے روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تازہ ایڈیشن کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا ہے جس میں پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان کو بھی شامل کیا گیا ہے، حالانکہ قومی ٹیم کا مجموعی کارکردگی کے لحاظ سے ٹورنامنٹ مایوس کن رہا۔

صاحبزادہ فرحان اس بار ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہونے والے واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 383 رنز اسکور کیے جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کسی ایک ایڈیشن میں کسی بھی بیٹر کی جانب سے سب سے زیادہ رنز ہیں۔

آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ اگرچہ پاکستان کی ٹیم کی کارکردگی ٹورنامنٹ میں غیر مستقل رہی، تاہم صاحبزادہ فرحان مسلسل بہترین کھیل پیش کرتے رہے۔

انتیس سالہ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے ایک اور ریکارڈ بھی قائم کیا اور وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک ہی ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔

ان کی نمایاں اننگز سری لنکا کے خلاف سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچ میں سامنے آئی جہاں انہوں نے سنچری اسکور کر کے پاکستان کو پانچ رنز سے سنسنی خیز فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹورنامنٹ کے دوران انہوں نے نمیبیا اور سری لنکا کے خلاف سنچریاں اسکور کیں جبکہ امریکہ اور انگلینڈ کے خلاف دو نصف سنچریاں بھی بنائیں۔

اسی طرح سری لنکا کے خلاف فخر زمان کے ساتھ ان کی 176 رنز کی شراکت داری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت داری بن گئی۔

آئی سی سی کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں اس سال کے چیمپئن بھارت کے چار کھلاڑی بھی شامل کیے گئے ہیں جن میں سنجو سیمسن، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ انگلینڈ کے ول جیکس اور عادل رشید، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر، زمبابوے کے بلیسنگ مزارابانی اور جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم اور لنگی اینگیدی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم کو ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔

مزید برآں امریکہ کے شیڈلی وان شالکوک کو ٹیم کا بارہواں کھلاڑی نامزد کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں اُن کھلاڑیوں کو شامل کیا جاتا ہے جنہوں نے پورے عالمی مقابلے کے دوران غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں