وفاقی وزیر اطلاعات کی نیشنل پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران سے ملاقات، صحافیوں کے مسائل کے حل میں تعاون کی یقین دہانی

0
3

اسلام آباد (ایم این این) – وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے سینئر صحافی حاجی نواز رضا کی قیادت میں نیشنل پریس کلب کے نومنتخب صدر عبدالرزاق سیال اور سیکریٹری ڈاکٹر فرقان راؤ نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے نیشنل پریس کلب کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے دونوں گروپوں، ڈیموکریٹس اور جرنلسٹ پینل کے عہدیداران کو مبارکباد دی۔ انہوں نے نومنتخب ایگزیکٹو باڈی کے ارکان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر صحافی برادری کو درپیش مسائل اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیشنل پریس کلب صحافیوں کی ایک مضبوط آواز ہے اور یہ ادارہ صحافی برادری کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ صحافت میں پیشہ ورانہ اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور میڈیا کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارت اطلاعات صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور متعلقہ معاملات کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

ملاقات میں صحافیوں کے ہاؤسنگ کوٹہ، نیشنل پریس کلب کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ملنے والی گرانٹ اور صحافیوں کے لئے ہیلتھ انشورنس کے معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے وفاقی سیکریٹری اطلاعات کو پی ایس ڈی پی کے تحت نیشنل پریس کلب کی عمارت کے لئے گرانٹ کے معاملے پر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

وفد کے ارکان نے وفاقی وزیر اطلاعات کو نیشنل پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جو عید الفطر کے بعد منعقد ہوگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کر لی۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں