جمائما کا الزام، نائیکوپ پر سفر کی تجویز عمران خان کے بیٹوں کو برطانوی تحفظ سے محروم کرنے کی کوشش

0
2

نیوز ڈیسک (ایم این این) – جمائما گولڈ اسمتھ نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت ان کے بیٹوں کو نائیکوپ پر پاکستان آنے کا مشورہ دے کر انہیں برطانوی تحفظ سے محروم کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان دیتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے بیان پر ردعمل دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کے بیٹے نائیکوپ پر پاکستان آ سکتے ہیں اور انہیں ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی۔

جمائما نے کہا کہ ان کے بیٹوں کے پاس اس وقت نائیکوپ موجود نہیں ہے اور اگر وہ اس کے ذریعے سفر کرتے ہیں تو انہیں برطانیہ کا سفارتی تحفظ حاصل نہیں ہوگا، جس سے انہیں گرفتاری کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

ان کے بیٹے قاسم خان اور سلیمان خان لندن میں مقیم ہیں اور اپنے والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آنا چاہتے ہیں، جو اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب جمائما نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی تھی کہ ان کے بیٹوں کے ویزوں میں غیرمعمولی تاخیر کا نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر ویزا 7 سے 10 دن میں جاری ہو جاتا ہے، لیکن اب 60 دن گزر چکے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف اور حکومتی ترجمان مشرف زیدی نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کے بیٹے محفوظ طریقے سے پاکستان آ سکیں گے۔

گزشتہ ماہ قاسم خان نے الزام لگایا تھا کہ حکومت جان بوجھ کر ویزا جاری نہیں کر رہی۔

دسمبر 2025 میں دونوں بھائیوں نے ویزا درخواست دے کر جنوری میں پاکستان آنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا، تاہم بعد میں اطلاعات سامنے آئیں کہ انہیں ویزا دینے سے انکار کیا جا رہا ہے۔

اگست 2025 میں عمران خان کی بہن علیمہ خان نے واضح کیا تھا کہ دونوں نے نائیکوپ اور ویزا دونوں کے لیے درخواست دی تھی، جب کہ وزیر مملکت طلعت چوہدری نے سوال اٹھایا تھا کہ اگر ان کے پاس نائیکوپ ہے تو انہیں ویزا کی کیا ضرورت ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں