لاہور (ایم این این) — پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو مرکزی معاہدے اور میڈیا پالیسی کی مبینہ خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
جمعہ کو جاری بیان کے مطابق یہ نوٹس پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کے تحت دیا گیا ہے، جس میں نسیم شاہ کو مقررہ وقت کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ جواب موصول ہونے کے بعد مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اگرچہ پی سی بی نے خلاف ورزی کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم یہ پیش رفت ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کے ایک روز بعد سامنے آئی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔
نسیم شاہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک متنازع پوسٹ سامنے آئی تھی جس میں تقریب کی ویڈیو کے ساتھ سوال اٹھایا گیا تھا، تاہم بعد میں یہ پوسٹ حذف کر دی گئی۔ بعد ازاں ایک اور پیغام میں کہا گیا کہ اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا جسے اب بحال کر لیا گیا ہے۔
پی سی بی نے پیشہ ورانہ معیار، معاہدوں کی پابندی اور کھیل کی ساکھ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔


