اسلام آباد (ایم این این) – جمعہ کی شب پاکستان کے مختلف حصوں میں 6.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک محسوس کیے گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ رات 9 بج کر 13 منٹ پر آیا، جس کی گہرائی تقریباً 190 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز افغانستان کے ہندوکش کا علاقہ تھا۔ جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز نے اس کی شدت 5.9 اور گہرائی 177 کلومیٹر ریکارڈ کی۔
پشاور، سوات، شانگلہ، نوشہرہ اور ہنگو میں شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جبکہ چترال، لوئر دیر، مردان، ہری پور، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی زلزلے کے اثرات محسوس ہوئے۔ پنجاب میں لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، اٹک، اوکاڑہ، قصور، چنیوٹ، میانوالی اور جھنگ سمیت کئی شہروں میں لرزش دیکھی گئی۔
مظفرآباد، سکردو، غذر، مری، شیخوپورہ اور وزیرآباد میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔ خیبر پختونخوا کے علاقوں بنوں، کرک، ملاکنڈ اور لنڈی کوتل میں بھی زلزلے کی اطلاع ملی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے مطابق فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
پاکستان عربی، یوریشین اور بھارتی ٹیکٹونک پلیٹس کے سنگم پر واقع ہے جس کے باعث یہاں زلزلے آنا معمول کی بات ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی شمالی علاقوں گلگت، سکردو اور بالاکوٹ میں 5.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔


