اسلام آباد (ایم این این): وفاقی حکومت نے توانائی کے تحفظ کیلئے ملک بھر میں سندھ کے علاوہ تمام صوبوں میں مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات آٹھ بجے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس کے مطابق خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں مارکیٹیں رات نو بجے تک کھلی رہ سکیں گی، جبکہ باقی صوبوں پنجاب، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تمام مارکیٹیں آٹھ بجے بند ہوں گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیکریاں، ریسٹورنٹس، تندور اور دیگر کھانے پینے کی دکانیں رات دس بجے بند ہوں گی، جبکہ شادی ہالز اور مارکیز بھی اسی وقت تک بند کر دیے جائیں گے۔ گھروں میں شادی تقریبات کے انعقاد پر بھی رات دس بجے کے بعد پابندی ہوگی۔
میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کو ان اوقات سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ نئے اوقات کار کا اطلاق سات اپریل سے ہوگا۔
اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے تناظر میں ایندھن اور توانائی بچت اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ آبنائے ہرمز میں رکاوٹ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور سپلائی میں مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔
وزیراعظم نے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی قیادت کا اتفاق رائے پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ سندھ بھی جلد اس فیصلے میں شامل ہو جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تاجروں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ مارکیٹ اوقات کا حتمی فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔


