ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترینامریکہ چین تجارتی پیش رفت؛ محصولات میں کمی، نایاب دھاتوں کی برآمد...

امریکہ چین تجارتی پیش رفت؛ محصولات میں کمی، نایاب دھاتوں کی برآمد بحال

بسّان: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات میں چینی اشیاء پر محصولات کو 57 فیصد سے کم کر کے 47 فیصد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے بدلے میں چین نے امریکی سویابین کی خریداری دوبارہ شروع کرنے، نایاب دھاتوں کی برآمدات برقرار رکھنے اور غیر قانونی فینٹانائل تجارت کے خلاف اقدامات تیز کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

یہ ملاقات جنوبی کوریا کے شہر بسّان میں ہوئی، جو 2019 کے بعد دونوں رہنماؤں کی پہلی آمنے سامنے بات چیت تھی۔ ٹرمپ نے ملاقات کو “شاندار” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے ایشیائی دورے کا سب سے اہم لمحہ ہے، جس میں جنوبی کوریا، جاپان اور جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کے ساتھ تجارتی مذاکرات بھی شامل تھے۔

ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ چالیس منٹ جاری رہی اور کسی مشترکہ اعلامیے کے بغیر اختتام پذیر ہوئی۔ ٹرمپ سیدھا ایئر فورس ون میں سوار ہو کر واپس روانہ ہوئے جبکہ صدر شی جن پنگ بھی اپنی گاڑی میں سوار ہو کر مقام سے روانہ ہوئے۔

صدر ٹرمپ نے ملاقات سے قبل شی جن پنگ کو “سخت مزاج مذاکرات کار” قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان “طویل المدتی شاندار تعلقات” قائم ہوں گے۔ صدر شی نے اپنے بیان میں کہا کہ چین اور امریکہ کو “دوست اور شراکت دار” کے طور پر کام کرتے ہوئے عالمی ترقی کے لیے مشترکہ ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں۔

ٹرمپ نے بتایا کہ چین نے نایاب دھاتوں کی برآمد جاری رکھنے پر ایک سالہ معاہدے پر رضامندی ظاہر کی ہے، جسے آئندہ بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “نایاب دھاتوں کا مسئلہ اب حل ہو گیا ہے، یہ صرف امریکہ نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے اچھی خبر ہے۔”

نایاب دھاتیں جدید ٹیکنالوجی، گاڑیوں اور دفاعی ساز و سامان میں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔ چین کی جانب سے رواں سال ان پر عائد برآمدی پابندیوں نے عالمی منڈیوں میں قلت پیدا کر دی تھی۔

امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے بتایا کہ چین نے اپنی نئی برآمدی پابندیاں معطل کرنے پر اتفاق کیا ہے، جسے انہوں نے “عالمی سپلائی چین کے لیے بڑی پیش رفت” قرار دیا۔

اگرچہ موجودہ پابندیوں کے خاتمے کے بارے میں تفصیلات ابھی واضح نہیں، تاہم بسّان ملاقات کو واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تعلقات میں نرمی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان