ممبئی: جمیمہ روڈریگز کی ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت بھارت نے آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ یہ میچ جمعرات کو ڈاکٹر ڈی وائی پٹیل اسپورٹس اکیڈمی میں کھیلا گیا۔
بھارت اب اتوار کو اسی میدان میں فائنل میں جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گا۔
339 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا، جبکہ نو گیندیں باقی تھیں۔ روڈریگز نے 134 گیندوں پر ناقابلِ شکست 127 رنز بنائے جن میں 14 چوکے شامل تھے۔
بھارت کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اوپنر شفیع علی ورما صرف 10 رنز بنا کر دوسری اوور میں آؤٹ ہو گئیں۔ اس کے بعد جمیمہ روڈریگز نمبر تین پر بیٹنگ کے لیے آئیں اور اسمتری مندھانا کے ساتھ 46 رنز کی شراکت قائم کی۔ مندھانا نے 24 گیندوں پر 24 رنز بنائے اور دسویں اوور میں کم گارتھ کا شکار بن گئیں۔
روڈریگز کے ساتھ کپتان ہرمین پریت کور نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 167 رنز کی اہم پارٹنرشپ قائم کی۔ کور نے 88 گیندوں پر 89 رنز بنائے، جن میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، لیکن وہ 36ویں اوور میں اینابل سدھرلینڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئیں۔
کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد جمیمہ کو دیپتی شرما (24)، رچا گھوش (26) اور امان جوت کور (15 ناٹ آؤٹ) کا ساتھ ملا اور بھارت نے میچ کو قبل از وقت اپنے نام کر لیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کم گارتھ اور اینابل سدھرلینڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔


