ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترینپنجاب حکومت پر فضائی آلودگی کے ڈیٹا میں ہیرا ھیری کا الزام

پنجاب حکومت پر فضائی آلودگی کے ڈیٹا میں ہیرا ھیری کا الزام

پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے جب ماحولیاتی ماہرین اور سوشل میڈیا صارفین نے محکمہ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی (EPCCD) پر الزام عائد کیا کہ اس نے لاہور میں فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے اسٹیشنز کو جان بوجھ کر آلودگی کے عروج کے اوقات میں بند کر دیا۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب ماحولیاتی تجزیہ کار داؤر حمید بٹ نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر دعویٰ کیا کہ محکمہ نے شمالی اور مشرقی لاہور میں موجود کئی اسٹیشنز بند کر دیے ہیں جہاں آلودگی کی سطح سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا، “محکمہ ماحولیات پنجاب نے لاہور کے مانیٹرنگ اسٹیشنز بند کر دیے ہیں، اور جو فعال ہیں وہ بھی ‘بے حد’ آلودگی دکھا رہے ہیں۔ یہ پڑھے لکھے افسران ہیں مگر سمجھتے ہیں کہ آنکھیں بند کرنے سے مسئلہ حل ہو جائے گا۔”

سوشل میڈیا صارف حسن آفتاب نے بھی الزام لگایا کہ حکومت جان بوجھ کر رات کے وقت مانیٹرز بند کر کے اوسط آلودگی کم دکھا رہی ہے۔ انہوں نے طنزیہ کہا، “پنجاب حکومت کی نئی حکمت عملی: اگر آلودگی زیادہ ہو تو مانیٹر بند کر دو، کاغذوں میں لاہور کی ہوا صاف ہو جائے گی۔”

محکمہ ماحولیات نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ کچھ اسٹیشنز میں “تکنیکی خرابی” کی وجہ سے ڈیٹا کی ترسیل متاثر ہوئی تھی اور ٹیم اسے بحال کرنے پر کام کر رہی ہے۔ جمعہ کی شام ویب سائٹ پر زیادہ تر اسٹیشنز کا ڈیٹا بحال ہو گیا، تاہم فضائی معیار کے اعداد و شمار اب بھی خطرناک سطح پر تھے۔

کسور اس وقت پنجاب کا سب سے آلودہ شہر رہا جس کا ایئر کوالٹی انڈیکس 500 تک پہنچ گیا۔ گوجرانوالہ 207، ڈی جی خان 190، ملتان 187 اور لاہور 175 پر ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ کے ترجمان ساجد بشیر نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈیٹا ہر گھنٹے بعد اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر “غلط تاثر” پیدا کر رہی ہیں۔

دوسری جانب عالمی ادارے IQAir کے مطابق لاہور دنیا کا سب سے آلودہ شہر برقرار ہے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے انسدادِ اسموگ مہم تیز کرتے ہوئے 16 مکینیکل واشرز، 50 ریگولر واشرز اور 400 ورکرز کو تعینات کر دیا ہے۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ “ان کی محنت اور وژن ماحول کی بہتری کی ضمانت ہے۔ آنے والے برسوں میں پنجاب میں بیجنگ کی طرح بہتری نظر آئے گی۔”

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان