راولپنڈی: حکام نے منگل کے روز تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے 20 کارکنان کو اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے احکامات پر تھری ایم پی او (3-MPO) کے تحت دوبارہ اڈیالہ جیل میں نظر بند کردیا گیا۔
نظر بند کئے گئے تمام کارکنان کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے اور انہیں حالیہ احتجاجی مظاہروں کے بعد شروع کی گئی صوبہ گیر کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
گزشتہ ہفتے پنجاب اور اسلام آباد میں ٹی ایل پی کے احتجاجی مظاہرے پرتشدد صورت اختیار کر گئے تھے، جن میں کم از کم تین افراد، جن میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل تھا، ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
انتظامیہ کے مطابق کارکنان کی دوبارہ گرفتاری کا مقصد کسی نئے احتجاج یا ہنگامے کو روکنا ہے۔ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق تنظیم کی جانب سے دوبارہ مظاہروں کی تیاری کی اطلاعات تھیں۔
راولپنڈی، لاہور اور اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں حالات قابو میں ہیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


