قلات: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کے دوران بھارت کی سرپرستی میں سرگرم چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی یکم نومبر کی رات دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بھارت نواز چار دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
فوجی حکام کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے امکانات کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے فورسز کی کامیاب کارروائی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ پوری قوم آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے عزم میں اپنی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر اعظم نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایک روز قبل خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ دو مختلف مقابلوں میں تین دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔
پاکستان میں گزشتہ مہینوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن کا زیادہ تر ہدف پولیس اور سیکیورٹی ادارے ہیں۔ یہ لہر اس وقت شروع ہوئی جب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے 2022 میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ ختم کردیا تھا۔


