امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئس ول میں یو پی ایس کارگو طیارہ اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں کم از کم سات افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی جس نے قریب واقع صنعتی عمارتوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق، یو پی ایس فلائٹ 2976 نے مقامی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 15 منٹ پر لوئس ول محمد علی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری اور کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہوگئی۔ طیارہ ہوائی (ہونولولو) جا رہا تھا۔
یو پی ایس کے مطابق، طیارے میں تین عملے کے ارکان سوار تھے جو حادثے میں ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔ امریکی میڈیا نے طیارے کے اڑان بھرنے کے فوراً بعد ایک پر میں آگ لگنے اور زمین سے ٹکرانے کے وقت دھماکے کی فوٹیج نشر کی۔
حادثے کے بعد قریبی صنعتی علاقے میں کئی عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی اور فضا میں گھنے کالے دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ لوئس ول کے میئر کریگ گرین برگ نے بتایا کہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں اور علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ایف اے اے کے ریکارڈ کے مطابق، تباہ ہونے والا ایم ڈی-11 فریٹر طیارہ 34 سال پرانا تھا۔ بوئنگ کمپنی، جو مکڈونل ڈگلس کو حاصل کرنے کے بعد ایم ڈی-11 سیریز بند کر چکی ہے، نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی۔
فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق، طیارہ 175 فٹ بلندی اور 184 ناٹ کی رفتار تک پہنچا تھا کہ اچانک نیچے آ گیا۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
حادثے کے بعد لوئس ول ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا، جس سے یو پی ایس اور اس کے بڑے گاہکوں جیسے ایمازون، والمارٹ اور یو ایس پوسٹل سروس کی ترسیلات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔


