اسلام آباد (اسٹاف رپورٹ): وزیراعظم شہباز شریف نے تمام وفاقی وزراء، مملکتی وزراء اور ارکانِ پارلیمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسلام آباد میں ہی موجود رہیں کیونکہ حکومت 27ویں آئینی ترمیم پارلیمنٹ سے منظور کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ کے ارکان اور قانون سازوں کے تمام غیر ملکی دورے منسوخ کر دیے ہیں تاکہ وہ آئینی ترمیم سے متعلق مشاورت اور قانون سازی کے عمل میں مکمل طور پر شریک رہیں۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ حکومتی اراکین کی پارلیمانی کارروائی میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے۔
حکام کے مطابق یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک ترمیم کی منظوری نہیں ہو جاتی، البتہ قومی مفاد میں کسی ناگزیر دورے کی اجازت وزیراعظم کی تحریری منظوری سے دی جا سکے گی۔


