ریاض: عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے انکشاف کیا ہے کہ وہ “جلد” ریٹائر ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ 40 سالہ اسٹار کا کہنا ہے کہ کیریئر کا اختتام ان کے لیے مشکل مرحلہ ہوگا، لیکن وہ برسوں سے اس لمحے کے لیے خود کو تیار کر رہے ہیں۔
النصر کلب کے اسٹرائیکر رونالڈو اب تک کلب اور ملک کے لیے مجموعی طور پر 952 گول کر چکے ہیں اور گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ سے قبل 1000 گول کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
پیرز مورگن کو دیے گئے انٹرویو میں جب ان سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو رونالڈو نے کہا، “جلد۔”
انہوں نے مزید کہا، “مجھے لگتا ہے میں تیار ہوں گا، اگرچہ یہ بہت مشکل ہوگا۔ لیکن میں نے اپنی زندگی کا اگلا مرحلہ 25 یا 27 سال کی عمر سے ہی پلان کر لیا تھا۔ فٹبال میں گول کرنے کا جوش کسی چیز سے نہیں بدلا جا سکتا، مگر زندگی میں ہر شے کی ایک ابتدا اور ایک اختتام ہوتا ہے۔ اب میں اپنے لیے، اپنے خاندان اور بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔”
مانچسٹر یونائیٹڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا کہ وہ اب بھی کلب کے میچز دیکھتے ہیں، اگرچہ تین سال قبل ان کا دوسرا دور مایوس کن انداز میں ختم ہوا تھا۔
انہوں نے کہا، “میں افسردہ ہوں کیونکہ مانچسٹر یونائیٹڈ دنیا کے سب سے بڑے فٹبال کلبوں میں سے ایک ہے، اور یہ آج بھی میرے دل کے قریب ہے۔ مگر بدقسمتی سے کلب میں انتظامی ڈھانچے کی کمی ہے۔ مجھے امید ہے کہ موجودہ اور آنے والے وقت میں صورتحال بہتر ہوگی، کیونکہ کلب کی صلاحیت شاندار ہے۔ اس وقت وہ درست سمت میں نہیں جا رہے، اور یہ صرف کوچ یا کھلاڑیوں کا مسئلہ نہیں ہے۔ کوچ اپنی پوری کوشش کر رہا ہے، لیکن معجزے ممکن نہیں ہوتے۔”


