اسلام آباد – وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے صدر اور فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان ابراہیم حماد الخلیفہ نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان میں فٹبال کے فروغ اور تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے صدر اے ایف سی کا خیرمقدم کیا اور ایشیاء میں فٹبال کے فروغ کے لیے شیخ سلمان ابراہیم کی قیادت میں اے ایف سی کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت فٹبال سمیت تمام کھیلوں میں نوجوانوں کو برابر مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں فٹبال کے فروغ، اسے خطے میں ایک نمایاں مرکز بنانے اور ایک خودمختار و میرٹ پر مبنی فٹبال فیڈریشن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں فٹبال کی ترقی، کوچز و ریفریز کی تربیت، اسٹیڈیمز اور قومی تربیتی مراکز کے قیام اور ٹیلنٹ پاتھ ویز کی تشکیل کے لیے اے ایف سی کے ساتھ قریبی تعاون میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
وزیراعظم نے پاکستان میں اے ایف سی کے میچز کی میزبانی کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
شیخ سلمان ابراہیم حماد الخلیفہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اے ایف سی پاکستان میں فٹبال کی ترقی اور پیشہ ورانہ ڈھانچے کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔


