ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترینپیپلز پارٹی کی 27ویں آئینی ترمیم کی مشروط حمایت، آرٹیکل 243 میں...

پیپلز پارٹی کی 27ویں آئینی ترمیم کی مشروط حمایت، آرٹیکل 243 میں تبدیلی پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت مسلح افواج کے اختیارات سے متعلق آرٹیکل 243 میں مجوزہ ترمیم کی حمایت کرے گی، جو 27ویں آئینی ترمیم کا حصہ ہے۔

مرکزی مجلسِ عاملہ (سی ای سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پارٹی اصولی طور پر ’’آئینی عدالتوں‘‘ کے قیام کی حامی ہے اور حکومت سے تعاون کرے گی تاکہ ان کی تشکیل پر اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ’’آرٹیکل 243 میں ترمیم ضروری ہے‘‘، اور اس کے ساتھ ساتھ ’’چارٹر آف ڈیموکریسی‘‘ کے نامکمل نکات پر بھی گفتگو ہوئی۔ بلاول بھٹو کے مطابق پارٹی حکومت کے ساتھ رابطے میں رہے گی تاکہ دیگر نکات پر بھی اتفاق رائے حاصل کیا جا سکے۔

ججز کی منتقلی سے متعلق تجویز پر انہوں نے کہا کہ حکومت کا خیال ہے صدرِ مملکت کو مشاورت سے الگ کر کے یہ اختیار پارلیمانی کمیٹی کو دیا جائے، مگر پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ صدر اس عمل کا آغاز کریں جبکہ عدالتی کمیشن شفاف نگرانی کرے۔

دوہری شہریت کے معاملے پر بلاول نے کہا کہ پارٹی نے ابھی حتمی مؤقف نہیں اپنایا، تاہم وہ تین نکات کی حمایت کرے گی: آرٹیکل 243 میں ترمیم، آئینی عدالتوں کا قیام، اور ججز کی منتقلی میں چیف جسٹس صاحبان کی شمولیت۔

انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی صوبوں کے مالی حقوق میں کسی کٹوتی کی مخالفت کرے گی۔ ’’آئین کہتا ہے کہ این ایف سی شیئر کم نہیں ہو سکتا، صرف بڑھ سکتا ہے، ہم اسے کسی صورت کم نہیں ہونے دیں گے،‘‘ بلاول نے کہا۔

بلدیاتی نظام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی صوبائی خودمختاری کی حامی ہے اور سندھ میں ملک کا سب سے بااختیار بلدیاتی نظام رائج ہے۔

ذرائع کے مطابق، پیپلز پارٹی کے اندر 27ویں آئینی ترمیم کے کچھ نکات پر اختلاف رائے موجود ہے، تاہم پارٹی آرٹیکل 243 میں تبدیلی اور آئینی عدالتوں کے قیام کی حامی ہے، بشرطیکہ صوبوں کو برابر نمائندگی دی جائے۔ پارٹی نے این ایف سی میں صوبوں کے حصے میں کمی یا تعلیم کے وفاقی دائرہ اختیار میں واپسی کی تجاویز کو مسترد کر دیا۔

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان