ہفتہ, نومبر 8, 2025
ہومتازہ ترینسائیم ایوب اور ابرار احمد کی شاندار کارکردگی، پاکستان نے جنوبی افریقہ...

سائیم ایوب اور ابرار احمد کی شاندار کارکردگی، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہوم سیریز میں پہلی بار شکست دے دی

پاکستان نے فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی ون ڈے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ یہ پاکستان کی اپنے میدان پر جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی ون ڈے سیریز فتح ہے۔

سیریز کے فیصلہ کن میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان میتھیو بریٹزکے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر پاکستانی اسپنرز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پوری ٹیم کو 37.5 اوورز میں صرف 143 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

ابتدائی طور پر کوئنٹن ڈی کوک (53) اور لہواندر پریٹوریئس (39) نے 72 رنز کی شراکت قائم کر کے ایک مضبوط آغاز دیا، مگر اس کے بعد اسپنرز نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ سلمان علی آغا نے پہلی دو وکٹیں حاصل کیں، محمد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کر کے ڈی کوک کو پویلین بھیجا، جب کہ ابرار احمد نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بھی دو وکٹیں حاصل کر کے جنوبی افریقہ کی اننگز سمیٹ دی۔

جواب میں پاکستان نے ہدف 25ویں اوور میں ہی مکمل کر لیا۔ اگرچہ فخر زمان جلدی آؤٹ ہو گئے، مگر بابر اعظم اور نوجوان اوپنر سائیم ایوب نے دلکش شاٹس سے شائقین کے دل جیت لیے۔ بابر اعظم نے 27 رنز بنائے جبکہ سائیم ایوب نے 70 گیندوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

بابر کے رن آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان (32 ناٹ آؤٹ) اور سلمان علی آغا نے ٹیم کو کامیابی دلائی۔ آخری گیند پر سلمان علی آغا نے چوکا لگا کر میچ اور سیریز دونوں پاکستان کے نام کر دی۔

میچ کے بعد کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ’’تمام کریڈٹ کھلاڑیوں کو جاتا ہے، ابتدا میں وکٹ سے مدد نہیں ملی مگر اسپنرز نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے میچ ہمارے حق میں کر دیا۔‘‘

ابرار احمد کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کوئنٹن ڈی کوک نے شکست پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’بیٹنگ کے لیے حالات آسان نہیں تھے، ہم 250 کے قریب ہدف کا سوچ رہے تھے مگر وکٹیں جلد گرنے سے اسکور نہ بن سکا۔‘‘

یہ کامیابی پاکستان کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں یہ ٹیم کی پہلی سیریز تھی۔ نوجوان کھلاڑیوں نے اعتماد اور جذبے کے ساتھ کھیل کر ثابت کیا کہ پاکستان کرکٹ کا مستقبل روشن ہے۔

متعلقہ پوسٹ

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

- Advertisment -
Google search engine

رجحان