پنجاب حکومت کا کالعدم ٹی ایل پی کے تمام اثاثے اور جائیدادیں منجمد کرنے کا حکم

0
18

لاہور (ایم این این): پنجاب حکومت نے جمعرات کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے تمام اثاثے اور جائیدادیں فوری طور پر منجمد کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت میں تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فوری اقدامات اٹھانے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ محکموں میں موثر رابطہ کاری کے لیے بورڈ آف ریونیو، ہاؤسنگ اور کوآپریٹو سیکرٹریز سمیت دیگر محکموں کو بھی کاپیاں بھجوا دی گئی ہیں۔

ہوم ڈیپارٹمنٹ نے تمام اداروں سے اثاثوں اور جائیدادوں کے منجمند ہونے کے بعد رپورٹ طلب کر لی ہے۔

یہ فیصلہ پنجاب سب کیبنٹ کمیٹی برائے قانون و نظم کے چیئرمین خواجہ سلمان رفیق کی نگرانی میں کیا گیا۔ اکتوبر میں پرتشدد احتجاج کے بعد ٹی ایل پی کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کالعدم قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد صوبائی حکومت نے تنظیم کی سرگرمیوں اور مالی ذرائع پر پابندیوں کے مکمل نفاذ کی ہدایات دی تھیں۔

کالعدم قرار دیے جانے کے بعد صوبائی حکومت نے ٹی ایل پی کے زیرانتظام مدارس کا کنٹرول مذہبی اسکالر مفتی منیب الرحمان کے سپرد کر دیا تھا۔

بعد ازاں تنظیم المدارس اہل سنت پاکستان اور پنجاب حکومت کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا، جس کے تحت مرحلہ وار 177 مدارس اور 330 مساجد کا انتظامی کنٹرول حکومت سے تنظیم المدارس کے حوالے کیا جائے گا۔

ناظمِ اعلیٰ صاحبزادہ عبدالمصطفیٰ ہزاروی نے صوبائی حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ تنظیم المدارس متعلقہ اداروں کا چارج سنبھال لے گی اور حکومت کی جانب سے طے شدہ شرائط پر مکمل عمل کرے گی۔

مفاہمتی یادداشت میں یہ عہد بھی شامل ہے کہ تمام متعلقہ مدارس اور مساجد قومی سلامتی، ریاستی استحکام اور سماجی ہم آہنگی کو یقینی بنائیں گے اور ہر قسم کی شر انگیزی یا تشدد سے خود کو دور رکھیں گے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں