بابا گرو نانک کی 556ویں جنم دن تقریبات میں شرکت کے بعد دو ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں کی پاکستان سے وطن واپسی

0
35

(ایم این این); بھارتی پنجاب سے آئے ہوئے دو ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کا دس روزہ دورہ جمعرات کو اس وقت اختتام پذیر ہوا جب وہ پاکستان میں بابا گرو نانک دیو جی کی 556ویں جنم دن تقریبات میں شرکت کے بعد واپس وطن روانہ ہوئے۔

واہگہ بارڈر پر ایڈیشنل سیکرٹری شائنز ناصر مشتاق اور سکھ پر بندھک کمیٹی کے صدر سردار رمیش سنگھ اروڑا نے یاتریوں کو رخصت کیا۔

روانہ ہونے والے یاتریوں نے ایواکیوئی ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ اور حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر گہری تشکر کا اظہار کیا۔

یاتریوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں ملنے والی محبت، خلوص اور پرامن ماحول سے بے حد متاثر ہوئے، اور اسے ’’اپنے گھر جیسا‘‘ قرار دیا۔

انہوں نے سکھ گردواروں کے تحفظ اور دیکھ بھال کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان مذہبی مقامات کے احترام اور حفاظت کے لیے قابلِ تعریف اقدامات کر رہا ہے۔

ایک یاتری گرندر کور نے اس دورے کو ’’روحانی سکون سے بھرے سنہری دن‘‘ قرار دیا، جبکہ دیگر یاتریوں نے پاکستان کی مہمان نوازی کو ’’انسانیت کا حقیقی پیغام‘‘ کہا۔

ناصر مشتاق نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کو اپنے مذہبی فرائض مکمل آزادی اور تحفظ کے ساتھ ادا کرنے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ کرتار پور کوریڈور بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کی روشن علامت ہے۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مذہبی سیاحت کو فروغ دے رہا ہے اور آج تک کسی بھی سکھ یاتری کو ویزا دینے سے انکار نہیں کیا گیا۔
سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ دنیا بھر کے سکھ پاکستان سے گہری محبت رکھتے ہیں اور زور دیا کہ دونوں ممالک کرتار پور راہداری کو سال بھر کھلا رکھیں تاکہ عوامی رابطے اور امن کا پیغام مزید مضبوط ہو سکے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں