الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اتوار کے روز وزیرِ مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق یہ نوٹس طلال چوہدری کے فیصل آباد کی حلقہ پی پی۔116 کے دورے اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کے حوالے سے جاری کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد نے یہ نوٹس جاری کیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ طلال چوہدری کی سرگرمیاں الیکشن ایکٹ 2017 اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہیں۔
طلال چوہدری کو دو دن کے اندر اپنا جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈی ایم او کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کو ارسال کرے۔


