دہلی کار دھماکہ: این آئی اے نے کشمیر کے رہائشی کو گرفتار کیا، حملے کو خودکش بم دھماکہ قرار

0
31

بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے اتوار کے روز بھارتی مقبوضہ کشمیر کے رہائشی عامر رشید علی کو نئی دہلی میں ہونے والے مہلک کار دھماکے کے سلسلے میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دھماکہ تاریخی لال قلعے کے قریب مصروف میٹرو اسٹیشن کے پاس ہوا، جس میں 10 سے 12 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔ یہ 2011 کے بعد بھارتی دارالحکومت میں ہونے والا پہلا بڑا دھماکہ تھا۔

این آئی اے کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی عامر رشید علی کے نام پر رجسٹرڈ تھی۔ ایجنسی نے الزام لگایا کہ انہوں نے مبینہ خودکش بمبار عمرن نبی سے سازباز کی، جو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کا رہائشی اور ریاستِ ہریانہ کی ایک یونیورسٹی میں جنرل میڈیسن کا اسسٹنٹ پروفیسر تھا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ عامر رشید علی گاڑی کی خریداری کو ممکن بنانے کے لیے دہلی آئے تھے، جسے بعد ازاں بارودی مواد سے لیس کر کے دھماکے میں استعمال کیا گیا۔

این آئی اے کے مطابق عمرن نبی کی ایک اور گاڑی بھی قبضے میں لے کر معائنے کے لیے بھیجی گئی ہے، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں وسیع پیمانے پر چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں۔ اب تک 73 گواہوں سے تفتیش کی جا چکی ہے، جن میں زخمی افراد بھی شامل ہیں۔

بھارتی حکام نے دھماکے کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اسے ایک سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد از جلد حملہ آوروں، ان کے معاونین اور پشت پناہوں کو قانون کے کٹہرے میں لائے گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں