تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان کی آل راؤنڈرز پر انحصار کی حکمت عملی برقرار، سری لنکا کے اہم کھلاڑی بیمار ہو کر وطن واپس

0
60

راولپنڈی (ایم این این); پاکستان نے سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف شروع ہونے والی تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ایک بار پھر آل راؤنڈرز پر مبنی حکمت عملی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سیریز کا آغاز منگل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا جو پوری ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا میچ شام چھ بجے کھیلا جائے گا۔ کپتان سلمان علی آغا کے مطابق ٹیم کے پاس ایسے آل راؤنڈرز موجود ہیں جو چار اوور بھی کر سکتے ہیں اور بیٹنگ میں بھی بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں، اس لیے اسی کمبینیشن کو آگے بڑھایا جائے گا۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس حکمت عملی پر تنقید بھی کی جا رہی ہے، لیکن سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ جب آل راؤنڈرز مکمل پرفارم کر رہے ہوں تو ان سے فائدہ اٹھانا ہی بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز اور فہیم اشرف مکمل باؤلر اور مکمل بلے باز ہیں اور دنیا کی بڑی ٹیمیں بھی یہی طریقہ اختیار کر رہی ہیں۔

حسن نواز کو مسلسل خراب کارکردگی کے باعث ڈراپ کر کے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ عبدالصمد کو نمبر چھ پر فِنشر کے کردار کے لیے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

سلمان نے تسلیم کیا کہ مڈل آرڈر بہتر پرفارم نہیں کر رہا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ عبدالصمد کو موقع دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم آنے والے دنوں میں ورلڈ کپ کی تیاریوں کو اولین ترجیح دے گی، اور کوشش ہوگی کہ اسکواڈ میں شامل تمام 15 کھلاڑیوں کو مواقع دیے جائیں، مگر میچ جیتنا سب سے اہم ہے۔

ادھر سری لنکن ٹیم کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب کپتان چریت اسالنکا اور فاسٹ بولر اسیتھا فرنینڈو بیماری کے باعث وطن واپس بھیج دیے گئے۔

سری لنکا کرکٹ کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو آرام اور مکمل علاج کی ضرورت ہے۔ ان کی جگہ داسن شاناکا کو کپتان مقرر کر دیا گیا جبکہ نوجوان بیٹر پاون رتھنا ایکے کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے داسن شاناکا نے کہا کہ ٹیم اپنی غلطیوں سے سیکھ کر ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہترین کرکٹ کھیل رہا ہے اور سری لنکا ہر کنڈیشن میں کھیلنے کے لیے تیار ہے۔

پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں بھی راولپنڈی اسٹیڈیم پہنچ چکی ہیں اور ان کا پریکٹس سیشن جاری ہے۔

فکسچر (شام 6 بجے):
18 نومبر: پاکستان بمقابلہ زمبابوے
20 نومبر: سری لنکا بمقابلہ زمبابوے
22 نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا
23 نومبر: پاکستان بمقابلہ زمبابوے
25 نومبر: سری لنکا بمقابلہ زمبابوے
27 نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا
29 نومبر: فائنل

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں