راولپنڈی میں ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان کی زمبابوے پر پانچ وکٹوں سے کامیابی

0
64

پاکستان نے مضبوط بولنگ اور فخر زمان اور عثمان خان کی اہم پانچویں وکٹ کی شراکت کی بدولت منگل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز کے افتتاحی میچ میں زمبابوے کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

148 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے قومی ٹیم کو زمبابوے کے بولرز نے سخت آزمائش میں ڈالا، مگر پاکستان نے میچ چار گیندیں قبل جیت لیا۔ افتتاحی بلے بازوں صاحبزادہ فرحان (16) اور صائم ایوب نے محتاط انداز میں 27 رنز جوڑے، تاہم بریڈ ایونز نے فرحان کو بولڈ کرنے کے بعد اگلی ہی اوور میں بابراعظم کو بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ کردیا، جس سے پاکستان 27 پر دو وکٹیں گنوا بیٹھا۔

ٹینوٹینڈا ماپوسا نے اگلے اوور میں کپتان سلمان علی آغا کو ایل بی ڈبلیو کرکے اسکور 30 پر تین کر دیا۔ صائم ایوب اور فخر زمان نے 24 رنز جوڑ کر اننگز سنبھالنے کی کوشش کی لیکن گریم کریمر نے صائم کی 26 گیندوں پر 22 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

بعدازاں فخر زمان اور عثمان خان نے اہم 61 رنز کی شراکت قائم کی۔ فخر 16ویں اوور میں ریچرڈ نگاراوا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے اور 44 رنز کے ساتھ پاکستان کے ٹاپ اسکورر رہے۔ عثمان خان 37 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محمد نواز نے 12 گیندوں پر 20 رنز بنا کر آخری اوور میں ٹیم کو فتح دلائی۔

ایونز زمبابوے کی جانب سے بہترین بولر رہے اور 26 رنز کے عوض دو وکٹیں لیں، جبکہ ماپوسا، نگاراوا اور کریمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل زمبابوے نے شاندار آغاز کے باوجود 147 رنز بنائے۔ تاڈیواناشے مارومانی (30) اور برائن بینیٹ (49) نے ابتدائی اوورز میں پاکستان کے بولرز پر دباؤ برقرار رکھا۔ آٹھویں اوور میں محمد نواز نے مارومانی کو آؤٹ کرکے شراکت ختم کی۔ برینڈن ٹیلر 14 رنز بنا کر بابراعظم کے تھرو پر رن آؤٹ ہوئے، جب کہ اگلے ہی اوور میں بینیٹ صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ اینڈ بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد زمبابوے کی وکٹیں تیزی سے گریں۔

کپتان سکندر رضا نے 24 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 34 رنز بنا کر اننگز کو سہارا دیا۔ نواز نے 22 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد، صائم ایوب، سلمان مرزا اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں