دبئی ایئر شو میں بھارتی تیجس لڑاکا طیارہ تباہ، پائلٹ ہلاک

0
55

ویب ڈیسک (ایم این این); دبئی ایئر شو کے دوران بھارت کا مقامی طور پر تیار کردہ تیجس لڑاکا طیارہ جمعہ کو ڈیمونسٹریشن پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا، عینی شاہدین اور حکام نے اے ایف پی کو بتایا۔

ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کا تیار کردہ یہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً دو بج کر دس منٹ پر گر کر تباہ ہوا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں جہاز کو تیزی سے نیچے آتے اور زمین سے ٹکراتے ہی آگ کے شعلوں میں لپٹتے دیکھا گیا۔ دھماکے کے بعد مقام حادثہ سے دھواں بلند ہوتا رہا جبکہ ریسکیو اور ایمرجنسی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

حادثہ مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے ایئر شو کے آخری روز پیش آیا، جہاں ہر روز دوپہر کو فضائی مظاہرے ہوتے ہیں۔ گرینڈ اسٹینڈ میں سینکڑوں لوگ تماشا دیکھ رہے تھے جبکہ اپرن پر مختلف طیارے، ہیلی کاپٹر اور دیگر عسکری ساز و سامان نمائش کے لیے موجود تھے۔

بھارتی فضائیہ نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ حادثے میں پائلٹ جاں بحق ہوگیا۔ بیان میں کہا گیا کہ تیجس طیارہ فضائی مظاہرے کے دوران حادثے کا شکار ہوا اور پائلٹ جانبر نہ ہو سکا۔ بھارتی فضائیہ نے پائلٹ کے خاندان سے اظہار افسوس کرتے ہوئے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری کا اعلان کیا ہے۔

وائرل فوٹیج میں طیارے کو ایک کم بلندی والے رول کے بعد تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر دور زمین سے ٹکراتے دیکھا گیا۔

’آئل لیک‘ کی بحث
اس سے قبل سوشل میڈیا پر طیارے کی تصاویر وائرل ہوئیں جن میں تیجس کے نیچے شاپنگ بیگز رکھے گئے تھے، جس بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ طیارے کے ’آئل لیک‘ کو روکنے کے لیے کیے گئے تھے۔ کچھ پوسٹس میں کہا گیا کہ لیکج ایئر شو کے دوسرے دن بھی جاری رہی۔ بھارتی حکومت یا فوج نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

بھارتی پریس انفارمیشن بیورو نے وضاحت کی کہ یہ معمول کا ڈرینیج عمل تھا، کوئی تکنیکی خرابی نہیں۔ بیورو کے مطابق یہ طیارے کے کولنگ سسٹم میں جمع ہونے والی نمی کو خارج کرنے کا حصہ ہوتا ہے۔

تیجس، جس کا مطلب ہندی میں ’چمک‘ ہے، بھارت کا مقامی طور پر تیار کردہ ہلکا لڑاکا طیارہ ہے، جسے 2016 میں بھارتی فضائیہ میں شامل کیا گیا۔ اس کی تیاری مختلف تکنیکی مشکلات کا شکار رہی اور بھارتی بحریہ نے وزن زیادہ ہونے پر اسے مسترد بھی کر دیا تھا۔

دبئی ایئر شو، جو 17 تا 21 نومبر المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقد ہوا، میں 1500 سے زائد نمائش کنندگان، 200 طیارے، 12 کانفرنس ٹریک اور سینکڑوں عالمی نمائندے شریک تھے۔

جمعہ کا حادثہ تیجس طیارے کا دوسرا تصدیق شدہ سانحہ ہے۔ پہلا حادثہ 2024 میں بھارت میں ایک مشق کے دوران ہوا تھا۔ تیجس ایم کے-1اے بھارت کی فضائیہ کے پرانے اسکواڈرنز کی جگہ لینے اور چین کی بڑھتی ہوئی عسکری طاقت کے مقابلے کے لیے اہم تصور کیا جاتا ہے۔

تاہم، جنرل الیکٹرک کی جانب سے 2021 میں آرڈر کیے گئے 99 انجنوں کی سست فراہمی کے باعث اس کے بیڑے کی تیاری تاخیر کا شکار ہے۔ اب تک صرف چار انجن فراہم کیے گئے ہیں، جس کی وجہ کمپنی نے کووِڈ کے بعد کی سپلائی چین مشکلات کو قرار دیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں