لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں مشترکہ آپریشنز، اہم ٹی ٹی پی کمانڈر مارے گئے

0
56

راولپنڈی (MNN); سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے جمعے کو بتایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی لکی مروت کے علاقے پاہر خیل میں فورسز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے مشترکہ آپریشن کے دوران ہوئی، جہاں جھڑپ کے نتیجے میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں میں ٹیپو گل گروپ کے دو اہم کمانڈر، نیاز علی عرف آکاشہ اور عبداللہ عرف شپونکوئی شامل ہیں۔ پانچ دہشت گرد زخمی ہوئے جبکہ ایک سہولت کار گرفتار کیا گیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک اور آپریشن کے دوران مزید تین دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان دہشت گردوں سے اسلحہ و بارود برآمد ہوا اور یہ بھارتی سرپرستی میں مختلف حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ ازمِ استحکام کے تحت ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

اس ہفتے کے شروع میں آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ گزشتہ تین دنوں میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں چار کارروائیوں کے دوران 38 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ ملک میں شدت پسند حملوں میں اضافہ 2022 میں ٹی ٹی پی کی جانب سے جنگ بندی ختم کرنے کے بعد دیکھنے میں آیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں