رانا ثناءاللّٰہ کی پی ٹی آئی کو دوبارہ مذاکرات کی پیشکش، کہتے ہیں جمہوریت بات چیت سے آگے بڑھتی ہے

0
21

فیصل آباد (MNN); مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رانا ثناءاللّٰہ نے اتوار کو ایک بار پھر حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش دہراتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی بحرانوں کا حل صرف مکالمے سے نکل سکتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت آج بھی چاہتی ہے کہ تمام سیاستدان بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں۔ انہوں نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی وہ غیرمشروط پیشکش بھی یاد دلائی جو انہوں نے اگست میں تمام سیاسی جماعتوں کو “میثاقِ استحکامِ پاکستان” میں شامل ہونے کیلئے کی تھی۔

رانا ثناءاللّٰہ PP-116 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں میڈیا سے بات کر رہے تھے، جہاں ان کے داماد احمد شہریار مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہیں۔ پی ٹی آئی کے سیاسی بائیکاٹ پر انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “انہوں نے کبھی سیاست کی ہی نہیں، یہ اس ملک کی بدقسمتی ہے کہ انہیں اقتدار میں لایا گیا۔”

وزیراعظم کے سیاسی مشیر کی حیثیت سے انہوں نے عمران پر الزام لگایا کہ وہ جیل سے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، اور اس حوالے سے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات مثال کے طور پر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات اس لیے ناکام ہوئے کیونکہ دونوں ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتی رہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین گوہر علی خان کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فی الحال پارٹی کی حکومت یا اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات چیت نہیں چل رہی۔

ضمنی انتخاب کے حوالے سے رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا تھا کہ PP-116 سے پولنگ کے عمل پر کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ترقی، خدمت اور مسائل کے حل کی بنیاد پر ووٹ دینا چاہیے، اور اس کے اہل صرف مسلم لیگ (ن) ہے۔

کم ووٹر ٹرن آؤٹ پر انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں 50 سے 60 فیصد جبکہ ضمنی انتخابات میں عام طور پر 25 سے 30 فیصد ووٹر باہر نکلتے ہیں۔

انہوں نے 1999 اور 2017/18 جیسے واقعات سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان برسوں میں ہونے والی سازشوں نے ملکی سیاست میں نفرت اور دشمنی کو فروغ دیا۔

اپنی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ سات انتخابات لڑ چکے ہیں جن میں سے پانچ جیتے۔ رانا ثناءاللّٰہ نے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ اور گنتی کا پورا عمل سب کے سامنے ہو رہا ہے، اور اس کے باوجود اگر کوئی رونا چاہتا ہے تو اس کا حل ہمارے پاس نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں “ترقی کا دور واپس آ چکا ہے۔”

رانا ثناءاللّٰہ نے بتایا کہ فیصل آباد میں 70 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے — بشمول میٹرو منصوبہ اور پورے شہر کیلئے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ — الیکشن کمیشن کے ضابطوں کے مطابق وقتی طور پر روک دیے گئے ہیں تاکہ انہیں انتخابی فائدے کیلئے استعمال نہ کہا جا سکے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں