نئی دہلی (ایم این این) – بالی ووڈ کے عظیم اداکار دھرمیندر، جنہوں نے 70 اور 80 کی دہائی کی ہندی فلم انڈسٹری کو اپنی شاندار اداکاری سے نئی پہچان دی، پیر کے روز 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
دھرمیندر، جو 8 دسمبر کو 90 برس کے ہونے والے تھے، گزشتہ چند ہفتوں سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ ایک اعلیٰ پولیس افسر نے ان کے ڈاکٹر کے حوالے سے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات ’’بھارتی سینما کے ایک عہد کا خاتمہ‘‘ ہے۔
بالی ووڈ کے ’’ہی مین‘‘ کے نام سے مشہور دھرمیندر نے ایکشن ہیرو کی مضبوطی اور رومانوی کرداروں کی نرمی کو یکجا کیا، جس سے وہ عوام کے دلوں میں گھر کر گئے۔ محبِ وطن اور نڈر ہیرو کے کرداروں سے شہرت پانے والے دھرمیندر نے مزاحیہ اور رومانوی فلموں میں بھی یادگار ادکاری کی۔
1975 کی بلاک بسٹر فلم شعلے میں ان کا کردار انہیں امر کر گیا۔ امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی جوڑی بالی ووڈ کی سب سے مقبول شراکت داریوں میں شمار ہوتی ہے۔ چپکے چپکے اور میرا گاؤں میرا دیش سمیت بے شمار کامیاب فلموں نے انہیں اپنے دور کا سب سے معروف چہرہ بنا دیا۔
ہیما مالنی کے ساتھ ان کی آن اسکرین کیمسٹری بھی بے حد مقبول رہی، جن سے انہوں نے بعد میں شادی کی۔ تاہم اس شادی پر تنازع بھی اٹھا، کیونکہ دھرمیندر پہلے سے پراکاش کور کے شوہر تھے، جن سے ان کے چار بچے ہیں، جن میں اداکار سنی دیول اور بابی دیول بھی شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ہیما مالنی سے شادی کے لیے انہوں نے مبینہ طور پر اسلام قبول کیا، کیونکہ ہندو قانون کے تحت پہلی بیوی کی موجودگی میں دوسری شادی ممکن نہیں۔
دھرمیندر اور مالنی کی دو بیٹیاں ہیں جن میں اداکارہ ایشا دیول شامل ہیں، جبکہ ان کے بھتیجے ابھی دیول نے بھی فلمی دنیا میں قدم رکھا۔
بعد ازاں دھرمیندر نے کردار پر مبنی پختہ رول نبھانے شروع کیے اور 1990 اور 2000 کی دہائی میں متعدد فلموں میں باپ یا بزرگ کردار ادا کیے۔ ان کا فلمی سفر چھ دہائیوں اور 300 سے زائد فلموں پر محیط رہا۔ 2025 میں ریلیز ہونے والی جنگی بایوپک اکیس ان کی آخری فلم ثابت ہوئی۔
1935 میں پنجاب میں پیدا ہونے والے دھرمیندر ایک زرعی پس منظر سے تعلق رکھتے تھے اور 1950 کی دہائی کے آخر میں ممبئی منتقل ہوئے جہاں انہوں نے 1960 میں بولی وڈ میں قدم رکھا۔ 2012 میں انہیں بھارت کا تیسرا بڑا سول ایوارڈ "پدما بھوشن” عطا کیا گیا۔ انہوں نے 2004 سے 2009 تک بھارتی پارلیمنٹ کے رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
دھرمیندر اپنے اہلِ خانہ اور پوتے نواسوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔


