ویب ڈیسک (ایم این این) – آئی سی سی نے منگل کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا شیڈول جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ روایتی حریف بھارت اور پاکستان ایک بار پھر ایک ہی گروپ میں شامل ہوں گے۔
گروپ اے کا یہ بڑا مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں ہوگا، جو ایک بار پھر شائقین کے لیے ہائی وولٹیج ٹاکرے کا باعث بنے گا۔ اسی گروپ میں نامیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا بھی شامل ہیں۔
ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک پانچ بھارتی اور تین سری لنکن مقامات پر کھیلا جائے گا۔ پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں ہی کھیلے گا۔ اگر قومی ٹیم فائنل تک نہ پہنچی تو فیصلہ کن میچ احمدآباد میں ہوگا۔
ایونٹ کا فارمیٹ 2024 ورژن جیسا ہی ہے، یعنی چاروں گروپس سے دو دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جائیں گی، جب کہ سپر ایٹ کی بہترین چار ٹیمیں سیمی فائنلز کھیلیں گی۔
میزبان بھارت اور سری لنکا کے علاوہ ٹورنامنٹ میں شامل دیگر 18 ٹیموں میں افغانستان، آسٹریلیا، بنگلادیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکا، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، پاکستان، آئرلینڈ، کینیڈا، اٹلی، نیدرلینڈز، نامیبیا، زمبابوے، نیپال، عمان اور یو اے ای شامل ہیں۔
آئی سی سی نے سابق بھارتی کپتان روہت شرما کو ٹورنامنٹ کا ایمبیسیڈر بھی مقرر کیا ہے۔ شرما نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 4231 رنز بنائے اور وہ ان چند کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے 2007 اور 2024 میں دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتے


