اسلام آباد کے فاطمہ جناح پارک میں خلا میں جانے والے پہلے انسان یوری گاگارین کا مجسمہ نصب

0
18

اسلام آباد (MNN) – روسی سفارتخانے نے جمعے کے روز بتایا کہ خلا میں جانے اور بحفاظت واپس آنے والے پہلے انسان یوری گاگارین کا مجسمہ اسلام آباد کے فاطمہ جناح پارک میں نصب کر دیا گیا ہے۔

یوری گاگارین نے اپریل 1961 میں تاریخ رقم کی، جب انہوں نے جنوبی قازقستان سے ووستوک راکٹ کے ذریعے خلائی سفر کا آغاز کیا اور روانگی کے وقت مشہور جملہ "چلو” کہا۔ 108 منٹ کے اس تاریخی سفر کے بعد 27 سالہ خلانورد کیپسول سے باہر نکل کر پیراشوٹ کے ذریعے روس کے صوبہ ساراتوف کے ایک کھیت میں اترا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق، افتتاحی تقریب میں روسی توانائی کے وزیر سرگئی سیویلیف، وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری، روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمیزی، روسی سفیر البرت پی خورف اور پائلٹ و خلا باز ایلینا سیرووا نے شرکت کی۔

بیان میں وزیر سیویلیف کے حوالے سے کہا گیا کہ یہ مشترکہ تاریخ کا عظیم کارنامہ ہے اور آج بھی دُنیا بھر کے سائنسدان خلائی تحقیق میں مصروف ہیں جس کا فائدہ تمام ممالک کو ہونا چاہیے۔

یہ تقریب روس اور پاکستان کے درمیان تجارت، معاشی، سائنسی اور تکنیکی تعاون سے متعلق بین الحکومتی کمیشن کے دسویں اجلاس کے موقع پر منعقد کی گئی۔

سفارتخانے نے مجسمہ فراہم کرنے پر بین الاقوامی فلاحی ادارے "ڈائیلاگ آف کلچرز-یونائیٹڈ ورلڈ”، اور اس کی تنصیب میں معاونت پر سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل مرکنٹائل ایکسچینج اور پاکستانی حکام کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں یہ اعلان بھی کیا گیا کہ اگلے سال اسلام آباد میں روس-پاکستان کانفرنس برائے خلانوردی اور خلائی ڈھانچے کا انعقاد کیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں