غیر قانونی آن لائن جوا کیس میں شریک ملزم سبحان کی بریت کی درخواست مسترد

0
20

لاہور (MNN) – لاہور کی مقامی عدالت نے ہفتہ کو آن لائن جوئے کی ایپس کی مبینہ غیر قانونی تشہیر سے متعلق کیس میں شریک ملزم سبحان کی بریت کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی اور دیگر ملزمان کے خلاف کارروائی 17 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

عدالتی کارروائی کے دوران جوڈیشنل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر فردِ جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر لیا۔ سماعت میں ڈکی بھائی اور شریک ملزمہ عروب جٹائی عدالت میں پیش ہوئیں۔

دفاع کی جانب سے بتایا گیا کہ سبحان نے بریت کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔ ڈکی بھائی نے عدالت کو بتایا کہ سبحان نے گرفتاری سے صرف تین ماہ قبل ان کی ٹیم جوائن کی تھی اور اسے ایک لاکھ روپے تنخواہ پر رکھا گیا تھا، جبکہ اس کا کیس سے کوئی تعلق نہیں۔

جج نے عروب جٹائی کی قبل از گرفتاری ضمانت سے متعلق پوچھا تو ڈکی بھائی کے وکیل نے بتایا کہ ان کی ضمانت پہلے ہی منظور ہو چکی ہے۔ عدالت نے دیگر زیر التواء درخواستوں کے بارے میں بھی استفسار کیا۔

وکیل دفاع نے بتایا کہ ضبط شدہ موبائل فونز اور الیکٹرانک ڈیوائسز کی واپسی کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے جو اس وقت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے پاس موجود ہیں، جبکہ چار کریڈٹ کارڈز اور نقدی کی واپسی کی بھی گزارش کی گئی ہے۔

سائبر کرائم ایجنسی نے ڈکی بھائی اور دیگر ملزمان کے خلاف جوئے کی ایپس کی مبینہ غیر قانونی تشہیر پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ کیس کی سماعت 17 دسمبر تک مؤخر کر دی گئی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں