ایئر بس اے 320 سافٹ ویئر الرٹ نے عالمی پروازوں کو پریشان کیا، فوری مرمت سے بڑا بحران ٹل گیا

0
17

پیرس (Xinhua)؛ عالمی فضائی کمپنیوں نے ایئر بس کی جانب سے اے 320 فیملی طیاروں کے لئے جاری ہنگامی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ احکامات کے بعد فوری ایکشن لیا اور زیادہ تر متاثرہ طیاروں کو چند گھنٹوں میں دوبارہ فضاء میں بھیج دیا۔
جمعہ کو جاری ہونے والی اس ہدایات سے خدشہ تھا کہ دنیا بھر میں سنگل آئزل جیٹوں میں سے 60 فیصد تک پروازوں سے باہر ہوسکتے ہیں، تاہم رات بھر کی مرمت و اپ ڈیٹس کی بدولت بڑے پیمانے پر اڑانیں منسوخ ہونے سے بچ گئیں۔

یہ الرٹ 30 اکتوبر کے اس واقعے کے بعد سامنے آیا جب میکسیکو سے نیو جرسی جانے والی امریکی کمپنی جیٹ بلو کی ایک پرواز دوران خودکار نظام کے تحت اچانک نیچے کی جانب جھک گئی، جس کے باعث ٹمپا، فلوریڈا میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی اور 15 مسافر زخمی ہوگئے۔

تحقیقات میں سامنے آیا کہ شدید سورج کی شعاعیں فلائٹ کنٹرول ڈیٹا کو متاثر کر سکتی ہیں، جس پر ایئر بس نے اپنے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے اے 320 ماڈلز کیلئے فوری سافٹ ویئر تبدیلی کا حکم دیا۔

تقریباً 6 ہزار طیارے متاثر سمجھے جاتے ہیں، جسے کمپنی کی تاریخ کے بڑے ری کالز میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔

جمعہ کی شام ایئر بس ہدایت ملتے ہی یورپی ریگولیٹرز اور ائیر لائنز نے رات بھر میں مرمت کا بڑا حصہ مکمل کیا کیونکہ اے 320 طیارے عموماً رات کو اڑان نہیں بھرتے۔

فرانسیسی وزیر ٹرانسپورٹ فلپ تبارو کے مطابق 5 ہزار سے زائد طیاروں میں مسئلہ راتوں رات درست کیا جا چکا، جبکہ صرف 100 کے قریب مزید ورکشاپ وقت درکار ہو سکتا ہے۔

فرانس اور جرمنی کی کمپنیوں نے کم یا نہ ہونے کے برابر پروازیں منسوخ کیں، جبکہ لفتھانزا اور ایئر فرانس نے معمول کے شیڈول کے مطابق اڑانیں جاری رکھیں۔

یورپ سے باہر کچھ ممالک میں صورتحال نسبتاً متاثر دیکھی گئی۔
کولمبیا کی ایویانکا ایئر لائن نے کہا کہ اس کے 70 فیصد سے زیادہ طیارے متاثر ہوئے اور آئندہ دس دن تک شیڈول متاثر رہنے کا امکان ہے۔

جاپان کی اے این اے نے ہفتہ کو 95 پروازیں منسوخ کیں جبکہ کورین ایئر نے تین دن میں تمام متاثرہ طیاروں پر کام مکمل کرنے کا اعلان کیا۔

بھارت میں ہفتہ کی شام تک 68 طیاروں کو اپ گریڈ ہونا باقی تھا، جو ملکی فلیٹ کا تقریباً 20 فیصد ہے۔

امریکہ میں بوئنگ طیاروں کی زیادہ تعداد ہونے کے باعث اثر محدود رہا، تاہم امریکن ایئر لائنز کے 480 میں سے 209 اے 320 جیٹ اپ ڈیٹ کے منتظر تھے جن میں بیشتر پر کام ہفتہ تک مکمل ہونے کی توقع ظاہر کی گئی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں